سرینگر(کشمیر ڈیجیٹل)بھارتی مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں بھارت کی بڑھتی ہوئی فوجی سرگرمیوں اور بڑے پیمانے پر مشقیں، فالس فلیگ کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
بھارت کا پاکستان اور کشمیریوں کیخلاف ایک اور جنگی جنون اور سازش بے نقاب ہوگئی ۔ ضلع پونچھ میں بھارتی فورسز کی بڑی سطح پر نقل وحمل دیکھی گئی ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے کنٹرول لائن پر اور پونچھ کے اندرونی علاقوں میں متعدد مقامات پر مربوط فرضی مشقیں کیں جس میںدہشت گردانہ حملے اور ہنگامی ردعمل کا مظاہرہ کیا گیا۔
اس کے ساتھ ہی بھارتی فورسز نے ممکنہ دراندازی کی کوششوں کے بارے میں خفیہ اطلاعات کا حوالہ دیتے ہوئے مینڈھر، سرنکوٹ اور ملحقہ علاقوں میں فوجیوں کی تعیناتی بڑھادی، اضافی چوکیاں قائم کیں نگرانی کو مزید سخت کیا اوربڑے پیمانے پرگشت شروع کردی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی نے پرتشددکارروائیوں سے کشمیر کا امن تباہ کیا،سیکرٹری اطلاعات
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فوجی سرگرمیوں میں اچانک اضافہ اوربغیر کسی مصدقہ ثبوت کے دہشت گردی کے خطرات کے بار بار دعوے مقبوضہ علاقے میں خوف ودہشت اور جنگی جنون کی فضا پیدا کرنے کی بھارتی حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت سیکیورٹی بحران پیدا کرنے سے پہلے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لئے اکثر اس طرح کی مشقیں کرتا رہتاہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ تازہ ترین فوجی تعیناتی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران امریکہ کشیدگی کو کم کرنے کیلئے سفارتی کوششوں کے بعد پاکستان کی بین الاقوامی حیثیت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پیپلز پارٹی شدید اختلافات سے دوچار، وزیر اطلاعات چوہدری رفیق نیئر سمیت درجنوں سینئر رہنما مستعفی
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی بی جے پی حکومت پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی ساکھ کو نقصان پہنچانے، اپنے پاکستان مخالف بیانیے کو زندہ کرنے اور کشمیر کی تحریک آزادی کو پر تشدد کی کارروائیوں سے جوڑنے کے لیے ایک اور فالس فلیگ آپریشن کی کوشش کر سکتی ہے۔
سیاسی ماہرین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کنٹرول لائن اور مقبوضہ جموں و کشمیر پر کڑی نظر رکھے اور کسی بھی مشتبہ واقعے کی غیر جانبدارانہ بین الاقوامی تحقیقات کرائے۔
انہوں نے کہاکہ پچھلے واقعات سے واضح ہوگیا تھا کہ کس طرح غیر مصدقہ الزامات اور بیان بازی کو مقبوضہ علاقے میں فوجی کارروائیوں کا جواز فراہم کرنے اور جنوبی ایشیا میں کشیدگی کو بڑھانے کے لیے استعمال کیا گیا۔




