آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سمیت دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، جس کے باعث ہر طرف جل تھل ایک ہو گیا ہے اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف حصوں میں مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی تیز بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جن میں گجرات، نارووال، وزیر آباد، ڈسکہ اور پسرور شامل ہیں، جبکہ لاہور میں بادلوں کا ڈیرا ہے اور دن کے آخری حصے میں بارش کا قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اےکی جانب سے ارربن فلڈنگ کی وارننگ
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) نے شدید بارشوں کے باعث مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ (شہری سیلاب) اور نچلے علاقوں کے زیرِ آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق تیز بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کے مختلف علاقوں میں آج آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی
پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ
این ڈی ایم اے نے پہاڑی اور بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ (تودے گرنے) کے خطرات سے متعلق بھی الرٹ جاری کیا ہے۔ مقامی ندی نالوں میں طغیانی کے پیشِ نظر تمام متعلقہ سرکاری محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ عوام اور خاص طور پر سفر کرنے والے سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں موسم کی صورتحال
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع بشمول اپر دیر، سوات، کوہستان اور وزیرستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی، بلوچستان کے اضلاع خضدار، کوہلو اور بارکھان میں بھی بادل برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، کیونکہ موجودہ موسمی نظام ملک کے مختلف حصوں کو مسلسل اپنے اثر میں لیے ہوئے ہے۔




