وزیراعظم آزادکشمیر کا بولان آپریشن مکمل کرنے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین

اسلام آباد ( کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے بولان آپریشن مکمل کرنے اور مسافروں کو بازیاب کرانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

چوہدری انوارالحق نے ایک بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بہترین حکمت عملی سے جعفر ایکسپریس آپریشن مکمل کیا۔پاک فوج کے بہادر جوانوں نے 33 دہشتگردوں کو کیفرکردار تک پہنچایا ۔

انہوں نے کہا کہ سپہ سالار کی دلیرانہ قیادت کی بدولت بغیر کسی بڑے نقصان کے آپریشن مکمل ہوا ،مسلح افواج پاکستان اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت سے دہشتگردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ریاست پاکستان کیخلاف سازشیں کرنے والے دشمنوں کو منہ کی کھانا پڑیگی،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کھلے اور چھپے دشمنوں کا انجام عبرتناک ہو گا۔

رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں نہتے ومعصوم مسافروں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کشمیری قوم مسلح افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے بولان آپریشن میں سکیورٹی فورسز کے جوانوں اور معصوم مسافروں کی شہادت پر گہرے رنج و الم کا اظہار کیا اور شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور ورثاء کے لیے صبر جمیل کی بھی کی۔

Scroll to Top