2026 ورلڈ کپ میرا آخری ٹورنامنٹ ہوگا، کرسٹیانو رونالڈو کا بڑا اعلان

پرتگال کے مایہ ناز اور عالمی شہرت یافتہ اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ 2026 کا فیفا ورلڈ کپ ان کے بین الاقوامی کیریئر کا آخری عالمی ٹورنامنٹ ہوگا۔ اسپین کے خلاف ورلڈ کپ کے انتہائی اہم پری کوارٹر فائنل میچ سے قبل میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے 41 سالہ پرتگالی کپتان نے کہا کہ وہ اپنی قومی ٹیم کے ساتھ اس سفر کے آخری مرحلے سے بھرپور طریقے سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔

میڈیا گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ‘میں اس سفر سے جتنا ممکن ہو لطف اٹھانا چاہتا ہوں، یہ میرا آخری ورلڈ کپ ہوگا، لیکن مجھے امید ہے کہ کل میرا آخری میچ نہیں ہوگا’۔ پانچ مرتبہ دنیا کا معتبر ترین بیلن ڈی اور ایوارڈ جیتنے والے رونالڈو نے واضح کیا کہ ان کے شاندار اور طویل کیریئر کا فیصلہ صرف اس بات سے نہیں ہوگا کہ آیا وہ ورلڈ کپ کی ٹرافی جیت پاتے ہیں یا نہیں۔ ان کے بقول انہوں نے دو دہائیوں سے زائد عرصے میں فٹبال کو اپنا 100 فیصد نہیں بلکہ ‘ایک ہزار فیصد’ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈکپ: انگلینڈ میزبان میکسیکو کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا، اگلا ٹکراؤ ناروے سے ہوگا

مطمئن ضمیر کے ساتھ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ:

کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے بین الاقوامی مستقبل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘ایک دن بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ ضرور آئے گی، لیکن جو بھی ہو، میں مطمئن ضمیر کے ساتھ میدان چھوڑوں گا کیونکہ میں نے فٹبال کے لیے اپنی ہر ممکن کوشش کی ہے’۔ انہوں نے اپنی بڑھتی ہوئی عمر پر ہونے والی ہر قسم کی تنقید کا کرپسا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ اب بھی اعلیٰ سطح پر دنیا کا بہترین کھیل پیش کر رہے ہیں۔

شوق کی بنیاد پر کھیل اور نئے ریکارڈز:

پرتگالی کپتان نے تنقید کرنے والوں کو جواب دیا کہ ‘میں فٹبال کسی مجبوری یا ضرورت کے تحت نہیں کھیلتا بلکہ اپنے شوق کی وجہ سے کھیلتا ہوں، ہر دن سے لطف اٹھانا چاہیے، اور میں اس ورلڈ کپ میں اب تک 3 گول کر چکا ہوں، اس لیے میرا خیال ہے کہ میں ابھی بھی اچھی کارکردگی دکھا رہا ہوں’۔ واضح رہے کہ رونالڈو اس ورلڈ کپ میں کئی تاریخی ریکارڈ بھی اپنے نام کر چکے ہیں، جہاں ازبکستان کے خلاف میچ میں 2 گول کرکے وہ ورلڈ کپ کے 6 مختلف ایڈیشنز میں گول اسکور کرنے والے دنیا کی تاریخ کے پہلے فٹبالر بن گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: رونالڈو کا جادو چل گیا، پرتگال نے ازبکستان کو عبرتناک شکست دیدی