میرپور،وائی کراس چوک میں نصب پاک فضائیہ کے ائیر کرافٹ کی تزئین و آرائش مکمل، افتتاح کردیا گیا

میرپور (محمداعظم)کمشنر میرپور چوہدری مختار حسین نے ادارہ ترقیات میرپور کے زیر اہتمام بیوٹیفکیشن آف میرپور کے تحت وائی کراس چوک میں پاک فضائیہ کے نصب شدہ ائیر کرافٹ کی تزئین و آرائش کا افتتاح کردیا۔

وائی کراس پر نصب پاک فضائیہ کے ائیر کرافٹ اور چوک کی مرمتی تزئین و آرائش کا کام معروف اوورسیز شخصیت چوہدری محمود آف کلیال شہرو نے 15لاکھ روپے سے مکمل کرکے ادارہ ترقیات کے حوالے کیا تھا ۔

افتتاحی تقریب شایان شان طریقے اور بھرپور جو ش و خروش سے منعقد ہوئی جس میں کمشنر چوہدری مختا رحسین، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر جاوید نجم الثاقب ایڈووکیٹ ، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری محمود پلاکوی ایڈووکیٹ نے پاکستان اور آزادکشمیر کے قومی پرچم لہرائے اور پاکستان اور آزادکشمیر کے ترانے پیش کئے گئے۔

چوہدری مختار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرپورشہرکو خوبصورت، صاف ستھرا اور بین الاقوامی معیار کا شہر بنانے کے لئے اہلیان میرپور کی مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے اس میں جہاں حکومتی ادارے اپنا حصہ ڈالیں گے وہاں اوورسیز،کاروباری حضرات اور دیگر سماجی تنظیموں کے تعاون سے میرپور شہر کو مثالی شہر بنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاک فضائیہ کی طرف سے اہلیان میرپورکو دیا جانیو الا ائیر کرافٹ میرپور کی خوبصورتی کیلئے بہت بڑا تحفہ تھا جسے ادارہ ترقیات نے وائی کراس انسٹال کیا تھا تاہم اس جگہ کی تزئین و آرائش مناسب نہ تھی جس پر میں نے بطور کمشنر چارج سنبھالنے کے بعد اس چوک کی تزئین و آرائش کے لیے منصوبہ بندی کی ،ادارہ کے پاس تزئین وآرائش پیسے نہیں تھے

اوورسیز راہنما چوہدری محمود سے جب کہا گیا کہ وہ اس چوک کی تزئین و آرائش کے لیے حصہ ڈالیں تو انھوں نے کہا کہ اس چوک کی مکمل تزئین و آرائش اورمرمتی میں خود کروں گا جس پر حکومت آزادکشمیر اور ڈویژنل انتظامیہ ان کی شکر گزارہے۔

انھوں نے کہاکہ وائی کراس میں نصب پاک فضائیہ کے ائیر کرافٹ ہمیں اس بات کا احساس دلاتا ہے کہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے پاک فضائیہ اپنی پیشہ وارانہ جنگی صلاحیتوں کے باعث ہمہ وقت چوکس ہے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

کمشنر نے کہا کہ وہ منگلا انٹری پوائنٹ کی توسیع اور تزئین و آرائش سمیت کوٹلی اور بھمبر کے اضلاع میں بھی بیوٹیفکیشن کے پراجیکٹ کو فروغ دیں گے۔منگلا انٹری پوائنٹ کی توسیع بین الاقوامی معیار کے مطابق تعمیر کیے جانے اور وہاں چیکنگ کا خودکار نظام نصب کرنے کا پلان شامل ہے تاکہ بیرون ممالک سے جب بھی اووسیز منگلا داخل ہوں تو انھیں چیکنگ کے پراسیس سے گزرنے کا پتہ ہی نہ چلے۔

انھوں نے کہا کہ دینہ اور جہلم سے منگلا آنے والی روڈز پرلائٹس اورسڑک کے دونوں اطراف شجرکاری کے حوالے سے حکومت پنجاب اقدامات کررہی ہے جبکہ منگلا سے میرپور تک سڑک کے دونوں اطراف کی خوبصورتی کے حوالے سے محکمہ شاہرات اور دیگر سماجی تنظیموں کے تعاون سے شجرکاری کروائی جائے گی

اس موقع پر انہوں نے چوہدری محمود آف کلیال شہرو کی سماجی خدمات پر انھیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور انھیں شیلڈپیش کی۔

یہ بھی پڑھیں: کمشنر مظفرآباد مسعود الرحمن تبدیل ، پونچھ ڈویژن تعینات

Scroll to Top