مجھے نظر انداز کرنے کا خمیازہ بھگتنا ہوگا، تنویر الیاس کی پیپلزپارٹی قیادت کو وارننگ

اسلام آباد:سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان اور پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے درمیان اختلافات ختم نہ ہوسکے اور سردار تنویر الیاس حلقہ وسطی باغ کے ٹکٹ پر ڈٹ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر،پی پی رہنما چوہدری ریاض اورسابق صدر، وزیراعظم سردار یعقوب خان کی جانب سے کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی مصالحتی کوششیں بھی تنویر الیاس کو فیصلہ تبدیل کرنے پر آمادہ نہ کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں:بڑی سیاسی ہلچل،سردار تنویر الیاس کا پیپلزپارٹی کو خیرآباد کہنے کا فیصلہ

ذرائع کے مطابق سردار تنویر الیاس کی الیکشن لڑنے کی دلچسپی وسطی باغ اور پاچھیوٹ سے انتخاب لڑنے میں تھی لیکن پارٹی قیادت نے خاص کر بلاول بھٹو زرداری نے وسطی باغ سے ٹکٹ دینے سے انکار کردیا اور کہاکہ سردار ضیاء القمر کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

ذرائع کے مطابق سردار تنویر الیاس کو اپر نیلم سے انتخاب لڑنے کی تجویز دی گئی جس پر وہ ناراض ہو گئے ہیں۔

ایک ہفتے میں سردار تنویرالیاس سے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور ،پی پی رہنما چوہدری ریاض، سردار یعقوب خان اور دیگر رہنماؤں کے ساتھ متعدد ملاقاتوں میں بھی کوئی پیش رفت نہیںہو سکی۔

ذرائع کے مطابق چوہدری ریاض نے سردارتنویر الیاس کو فریال تالپور اور بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی پیشکش کی تاہم انہوں نے دونوں ملاقاتوں سے معذرت کرلی ہے اور ٹکٹس پر ڈٹ گئے ہیں۔

سردار تنویر الیاس نے چوہدری ریاض پر واضح کیا کہ چوہدری انوارالحق کی حکومت سردار تنویر الیاس نے ختم کرائی تھی اور پیپلزپارٹی کی حکومت اور فیصل راٹھور کو وزیراعظم انہوں نے بنوایا تھا۔

اب فیصل ممتاز راٹھور ، سردار قمر الزمان، سردار ضیاء القمر کو اس کے سیاسی نتائج بھگتنے ہوں گے۔ حویلی کہوٹہ ، وسطی اور شرقی اصل سے پیپلز پارٹی امیدواروں کو شکست دینا اب میری پہلی ترجیح ہو گی۔

ذرائع کے مطابق سردار تنویر الیاس نے اپنی سابق جماعت استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی قیادت سے بھی رابطے تیز کر دئیےہیں، جہاں انہیں دوبارہ جماعت کی قیادت سنبھالنے اور مختلف سیاسی جماعتوں کے ناراض سیاسی رہنماؤں کو ساتھ لانے کے حوالے سے مثبت یقین دہانیاں مل چکی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں:فضل الرحمان سے ملاقات،پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کا اتحاد نئے دور کا آغاز ہوگا،بلاول بھٹو

تنویر الیاس نے اپنے سٹاف اور سیاسی ساتھیوں کے ہمراہ پیپلز پارٹی کی قیادت کے ساتھ تصویر بنوائی جسےالوداعی تصویر قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سردار تنویر الیاس استحکام پاکستان پارٹی کی قیادت کے ہمراہ پریس کانفرنس کر کے اپنی نئی سیاسی حکمت عملی اور آئندہ انتخابات سے متعلق فیصلوں کا باضابطہ اعلان کریں گے۔