چوہدری لطیف اکبر کا قانونی جنگ لڑنے کا فیصلہ، ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026 کے سلسلے میں حلقہ کھاوڑہ سے اہم ترین سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر اور سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے اپنے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن میں باقاعدہ اپیل دائر کر دی ہے۔

چوہدری لطیف اکبر کی جانب سے یہ اقدام آج الیکشن کمیشن کے مقررہ قانونی فورم پر اٹھایا گیا ہے تاکہ ریٹرننگ آفیسر کے اعتراضات کو قانونی طور پر چیلنج کیا جا سکے۔

قانونی اور آئینی چارہ جوئی کا فیصلہ:

اس سے قبل، چوہدری لطیف اکبر کی لیگل ٹیم نے تمام قانونی اور آئینی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد متعلقہ فورمز سے رجوع کرنے کی حکمت عملی مرتب کی تھی۔ سپیکر اور قائم مقام صدر آزاد کشمیر کی قانونی ٹیم کا مؤقف تھا کہ وہ قانون اور آئین کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتے ہیں اور تمام معاملات کو قانونی اور جمہوری طریقہ کار کے تحت ہی آگے بڑھایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر چوہدری لطیف اکبر کا ردعمل آگیا ،عدالت جانے کا اعلان

لیگل ٹیم نے واضح کیا تھا کہ سب سے پہلے الیکشن کمیشن کے مقررہ قانونی فورم سے رجوع کر کے اپیل دائر کی جائے گی، اور اگر ضرورت پیش آئی تو اس معاملے کو ہائی کورٹ اور بعد ازاں سپریم کورٹ سمیت دیگر تمام اعلیٰ آئینی و قانونی فورمز پر بھی لے جایا جائے گا تاکہ چوہدری لطیف اکبر کا موقف قانونی تقاضوں کے مطابق بھرپور انداز میں پیش کیا جا سکے۔

کارکنان کو حوصلہ بلند رکھنے کی اپیل:

چوہدری لطیف اکبر کے قریبی سیاسی رفقاء اور قانونی مشیروں کا کہنا ہے کہ سیاسی کارکنان اور حامیوں کو کسی بھی قسم کی مایوسی کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے اپنے حقوق کا بھرپور دفاع کیا جائے گا۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ اپنے حوصلے بلند رکھیں، مکمل اتحاد و نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی قسم کی افواہوں یا منفی پروپیگنڈے پر بالکل توجہ نہ دیں۔ رہنماؤں کا عزم ہے کہ عوامی حمایت اور مضبوط قانونی دلائل کی بنیاد پر یہ انتخاب بھرپور انداز میں لڑا جائے گا اور تمام آئینی و جمہوری ذرائع استعمال کرتے ہوئے موقف کو کامیابی سے ہمکنار کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: اپیل بھی مسترد: قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر الیکشن کے لیے نااہل قرار