وادیِ کوٹلہ

مسلم لیگ (ن) نے حلقہ نمبر 1 وادیِ کوٹلہ سے نورین عارف کو ٹکٹ جاری کر دیا

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل )نورین عارف وادیِ کوٹلہ کی سیاست میں ایک مضبوط ، بااثر اور معتبر خاتون ہیں ۔

آزاد کشمیر کی سیاست میں خواتین کی نمائندگی کی بات ہو تو نورین عارف کا نام نمایاں طور پر سامنے آتا ہے ۔ وہ ان چند خواتین رہنماؤں میں شامل ہیں جنہوں نے مردوں کے غلبے والی سیاست میں اپنی الگ شناخت قائم کی ۔

نورین عارف نے براہِ راست انتخابی میدان میں کامیابی حاصل کر کے نہ صرف قانون ساز اسمبلی تک رسائی حاصل کی بلکہ وزارت جیسے اہم منصب پر بھی خدمات انجام دیں ۔

وہ آزاد کشمیر کی تاریخ میں متعدد مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہونے والی نمایاں خواتین میں شمار ہوتی ہیں۔ اب ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) نے حلقہ نمبر 1 وادیِ کوٹلہ سے ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی ٹکٹ جاری کیا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:2026 کا جنرل الیکشن پاکستان مسلم لیگ ن جیتے گی : نورین عارف کا بڑا دعویٰ

اس فیصلے کو سیاسی حلقوں میں اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ نورین عارف طویل عرصے سے اپنے حلقے میں متحرک رہی ہیں اور عوامی رابطوں کے حوالے سے ان کی مضبوط ساکھ موجود ہے ۔

وادیِ کوٹلہ کی سیاست میں نورین عارف کا شمار ان رہنماؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے ترقیاتی منصوبوں، خواتین کی فلاح و بہبود اور عوامی مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کی ۔

یہی وجہ ہے کہ آج بھی ان کے حامی انہیں حلقے کی ایک مؤثر سیاسی شخصیت قرار دیتے ہیں۔ سیاسی مبصرین کے مطابق آنے والے انتخابات میں وادیِ کوٹلہ کا مقابلہ دلچسپ ہونے کا امکان ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگ ن خدمت اور ترقی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے:نورین عارف

تاہم مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نورین عارف کو دوبارہ میدان میں اتارنا اس بات کا اشارہ ہے کہ پارٹی انہیں اپنے مضبوط اور تجربہ کار اُمیدواروں میں شمار کرتی ہے ۔