مظفر آباد: آزاد کشمیر میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے کی جانے والی ہڑتال اور احتجاج پر وہاں کے عوام نے شدید غصے اور ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی احتجاجی سیاست نے عام شہریوں کا جینا مشکل کر دیا ہے، جس پر عوام میں شدید تشویش اور غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
علاقے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر مقامی آبادی نے احتجاج کی اس لہر کو عام آدمی کے معاشی قتل کے مترادف قرار دیا ہے۔ شہریوں کا موقف ہے کہ اس قسم کے اقدامات سے خطے کی تعمیر و ترقی کا عمل رک جاتا ہے اور امن و امان کی فضا کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی شہ پر ریاست مخالف بیانات دینے والے بھائی سے میرا کوئی تعلق نہیں،اکرام اللہ
غریب دیہاڑی دار طبقہ شدید ترین مشکلات کا شکار:
مقامی شہریوں نے ہڑتال کال کرنے والی شرپسند کمیٹی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ اس احتجاج کی وجہ سے غریب دیہاڑی دار طبقہ سب سے زیادہ اور شدید ترین مشکلات کا شکار ہو چکا ہے۔ روزگار مکمل طور پر بند ہونے کی وجہ سے غریبوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ جاتے ہیں اور گھروں میں چینی، آٹا جیسی بنیادی ضرورت کی چیزوں میں قلت پیدا ہو جاتی ہے، جس نے دیہاڑی داروں کو فاقہ کشی پر مجبور کر دیا ہے۔
اسپتال، میڈیکل اسٹورز اور تندوروں کی بندش:
شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ احتجاج کے باعث اسپتال، میڈیکل اسٹورز اور تندور بند کر دیئے جاتے ہیں، جس کی وجہ سے مریض دواؤں کے لیے اور عام لوگ روٹی کے لیے خوار ہو تے ہیں۔ یہ کہاں کا انصاف ہے عوام کے مسائل حل کرنے کے نام پرعوام کو ہی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عوام نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا ۔
مزید پڑھیں: موجودہ صورتحال کالعدم ایکشن کمیٹی کی پیدا کردہ ، مل بیٹھنا ہوگا،قائم مقام صدرآزاد کشمیر
مصنوعی بحران اور من گھڑت افواہوں کی مذمت:
آزاد کشمیر کے عوام نے واضح کیا ہے کہ ایکشن کمیٹی کے اس احتجاج نے عام آدمی کی مشکلات کو کم کرنے کے بجائے ان میں مزید اضافہ کر دیا ہے اور وہ اب مزید کسی بھی قسم کی پریشانی, ہڑتال اور مصنوعی بحران کے بالکل متحمل نہیں ہو سکتے۔ یہ بھی تذکرہ کیا گیاکہ کچھ مخصوص عناصر کی جانب سے علاقے کی صورتحال کے بارے میں حقائق کے برعکس بالکل غلط خبریں اور من گھڑت افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، جن پر عوام کو بالکل کان نہیں دھرنا چاہیے۔




