وفاقی بجٹ2026: لگژری گاڑیوں، مہنگی الیکٹرک کار کی درآمد پر نیا ٹیکس عائد

وفاقی حکومت نے بجٹ 27-2026 میں لگژری اور درآمدی گاڑیوں پر ٹیکسوں پر نئے اور اضافی ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

حکومت کے مطابق ان اقدامات کا مقصد محصولات میں اضافہ، غیر ضروری درآمدات میں کمی اور زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم کرنا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے جمعے کے روز قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران آٹو موبائل سیکٹر پر نئے ٹیکسز عائد کا اعلان کیا ہے۔

وزیر خزانہ کے مطابق دو ہزار سی سی سے تین ہزار سی سی تک کی تمام پٹرول اور ڈیزل گاڑیوں بالخصوص ایس یو ویز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کی جا رہی ہے، جب کہ تین ہزار سی سی سے بڑی گاڑیوں پر پہلے سے موجود ڈیوٹی میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پٹرول کی قیمت 4 روپے ، ڈیزل 2 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان

محمد اورنگزیب نے اس اقدام کو آٹو موبائل انڈسٹری میں ٹیکس ڈھانچے کو متوازن بنانے اور لگژری گاڑیوں کی درآمدات کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر پر پڑنے والے دباؤ کو کم کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

وفاقی بجٹ میں دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کی الیکٹرک گاڑیوں کو فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے دائرے میں رکھنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ اس فیصلے کے بعد مہنگی الیکٹرک گاڑیوں کی درآمد پر اضافی ٹیکس لاگو ہوگا۔

وزیر خزانہ نے ایوان میں بتایا کہ حکومت الیکٹرک گاڑیوں کے لیے مکمل طور پر مراعات ختم نہیں کر رہی۔ الیکٹرک بائیکس، رکشوں اور بسوں کے لیے موجودہ رعایتی نظام برقرار رکھا جائے گا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:لندن: پاکستان ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی کیمپ پر برطانوی پولیس کا چھاپہ،

انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی نئی آٹو پالیسی پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت مستقبل میں آٹو موبائل سیکٹر کے لیے مزید اصلاحات متوقع ہیں۔

بجٹ تقریر کے دوران وزیر خزانہ نے وائٹ اسپرٹ اور منرل تارپین آئل پر بھی 80 روپے فی لیٹر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کی تجویز دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات ان دونوں اشیاء کا استعمال پیٹرول اور دیگر مصوناعات میں غیر قانونی ملاوٹ کے لیے کیا جاتا ہے، جس سے صارفین کی گاڑیوں، صنعتی مشینری اور دیگر آلات کو نقصان پہنچتا ہے۔

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اس نئی ڈیوٹی کا مقصد ملک بھر میں ایندھن کی ملاوٹ کے رجحان کی حوصلہ شکنی کرنا اور صارفین کو بہتر معیار کا ایندھن فراہم کرنے میں مدد دینا ہے۔