مظفرآباد ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کی نمازِ جنازہ ہائی کورٹ گراؤنڈ میں ادا کر دی گئی

مظفرآباد: دارالحکومت مظفرآباد میں آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کے المناک حادثے میں شہید ہونے والے افسران اور اہلکاران کی نمازِ جنازہ مظفرآباد کے ہائی کورٹ گراؤنڈ میں ادا کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق دارالحکومت مظفرآباد میں گزشتہ روز پیش آنے والے ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کی نمازِ جنازہ میں قائم مقام صدر لطیف اکبر اور وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ان کے ہمراہ آزاد کشمیر کے وزیر خزانہ قاسم مجید، ضیاء القمر، اور بازل نقوی بھی موجود تھے۔ نمازِ جنازہ میں چیف سیکرٹری، حکومت کے مختلف محکموں کے سیکرٹریز، اعلیٰ سول و فوجی قیادت سمیت شہریوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہداء کو الوداع کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کی وجہ سے گر کر تباہ، آئی ایس پی آر

واضح رہے گزشتہ روز پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ایک ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر مظفرآباد کے قریب ٹیک آف کے دوران فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہو گیا تھا۔ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد جامِ شہادت نوش کر گئے ہیں اور اس المناک حادثے میں کوئی بھی شخص زندہ نہیں بچ سکا۔