حکومت نے ملک بھر میں جاری کفایت شعاری اور فیول کنزرویشن مہم میں جزوی نرمی کرتے ہوئے گروسری اور کریانہ اسٹورز کھلے رکھنے کے اوقات کار میں اضافے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے چھوٹے دکانداروں اور شہریوں کے لیے کاروباری اوقات میں یہ ریلیف دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
چھوٹے گروسری اور کریانہ اسٹورز اب رات 10 بجے تک کھلیں گے:
اجلاس میں تفصیلی مشاورت کے بعد یہ اہم فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں قائم چھوٹے گروسری اور کریانہ اسٹورز کے اوقات کار بڑھا کر رات 10 بجے تک کر دیے جائیں گے۔ حکومت کی جانب سے دی جانے والی یہ اہم سہولت ہفتہ اور اتوار سمیت ہفتے کے تمام دنوں کے لیے یکساں طور پر لاگو ہوگی، جس کا مقصد شہریوں کو روزمرہ کی اشیاءِ خورونوش کی خریداری میں آسانی فراہم کرنا اور چھوٹے کاروباری طبقے کو ریلیف دینا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کفایت شعاری پالیسی : اسلام آباد میں دکانیں اور بازار رات 8 بجے بند ہوں گے
کفایت شعاری مہم کی مدت میں 30 جون تک توسیع کی سفارش:
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت ہونے والے اس اجلاس میں فیول کنزرویشن اور اضافی کفایت شعاری اقدامات کی نگرانی و عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ ملک میں جاری اضافی کفایت شعاری اقدامات کی مدت، جو کہ 13 جون 2026ء کو ختم ہو رہی تھی، اسے اب بڑھا کر 30 جون 2026ء تک کر دیا جائے۔ اجلاس میں مختلف وزارتوں کی جانب سے پیش کی جانے والی استثنیٰ کی درخواستوں پر بھی غور کیا گیا۔
عوامی سہولت کے لیے وزارتِ خارجہ کے قونصلر دفاتر جمعہ کو بھی کھلیں گے:
عوام کو سفارتی اور دستاویزی دستاویزات کی تصدیق میں ریلیف دینے کے لیے کمیٹی نے ایک اور بڑا فیصلہ کیا ہے۔ اب وزارتِ خارجہ اور اس کے تمام علاقائی رابطہ دفاتر، جن میں کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور گجرات شامل ہیں، وہاں قونصلر اٹیسیٹیشن سروسز عوامی سہولت کے پیشِ نظر جمعہ کے روز بھی مکمل طور پر کھلی رہیں گی تاکہ سمندر پار پاکستانیوں اور عام شہریوں کے معاملات جلد طے پا سکیں۔
مزید پڑھیں: ملک بھر میں کفایت شعاری اقدامات نافذ،کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا
اجلاس میں اعلیٰ حکام اور وفاقی وزراء کی شرکت:
اس اہم ترین اجلاس میں وفاقی وزیر پیٹرولیم، وزیر موسمیاتی تبدیلی، وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ، اور نائب وزیراعظم کے معاون خصوصی سمیت کابینہ ڈویژن، کامرس، پیٹرولیم اور آئی ٹی کے سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ سول حکام نے شرکت کی، جہاں معاشی اقدامات اور فیول کنزرویشن کے اہداف کا بھی احاطہ کیا گیا۔




