شوکت نواز میر، مولوی عمر اور خواجہ مہران سے سوال، اس اسٹیٹ کو کیا بنانا چاہتے ہیں؟اظہر خان

اظہر خان نے ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے جموں کشمیر کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی سرگرمیوں اور سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں راولپنڈی میں کشمیریوں کی گرفتاری کی خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ راولپنڈی میں کسی کشمیری کی کوئی گرفتاری نہیں ہوئی، میں صبح سے سفر کر رہا ہوں مجھے کسی نے نہیں روکا، جھوٹی خبریں مت پھیلائیں۔

اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کالعدم ایکشن کمیٹی کی حکمت عملی پر سخت سوالات اٹھائے اور کہا کہ ایکشن کمیٹی والے اس ریاست کا بنانا کیا چاہتے ہیں؟ آپ جو کر رہے ہیں ایسا طالبان کرتے ہیں۔ اظہر خان نے ویڈیو میں تین رہنماؤں کا نام لے کر واضح طور پر کہا کہ میرا سوال 3 بندوں سے ہے، شوکت نواز میر، مولوی عمر اور خواجہ مہران صاحب، آپ اس اسٹیٹ کو کیا بنانا چاہتے ہیں؟

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزاد کشمیر کی کالعدم ایکشن کمیٹی کو مذاکرات کی نئی پیشکش

انہوں نے ویڈیو پیغام میں مزید سوال اٹھائے کہ کیا آپ چاہتے ہیں یہاں سیاسی عمل بالکل ختم کر دیا جائے؟ مونارکی  کا اسٹیٹ بنا دیا جائے؟ آپ ڈائیلاگ کریں، ڈیبیٹ کریں، سوال پوچھیں، لیکن کیا آپ چاہتے ہیں یہاں ہر علاقے میں واقعہ ہو؟ کیا آپ چاہتے ہیں یہاں سیاسی جماعتوں کا داخلہ منع ہو؟

اظہر خان نے سیاسی جماعتوں کے بائیکاٹ پر بات کرتے ہوئے ویڈیو میں کہا کہ آپ سڑکیں بلاک کرتے ہیں، انہی سیاسی جماعتوں نے ہی آپ کے مسائل کو حل کرنا ہے، آپ ضرور ان کو جو القابات سے پکارتے ہیں پکاریں لیکن ان کا داخلہ تو بند نہ کریں، یہ کوئی علاقہ غیر تھوڑی ہے کہ آپ اس علاقے میں نہیں جا سکتے۔

انہوں نے قیادت سے پرزور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کو آزاد کشمیر رہنے دیں، وزیرستان نہ بنائیں، ہمارا آزاد کشمیر بڑی رواداری اور ایثار و محبت والی اسٹیٹ ہے، یہاں پر کچھ تو عملداری رہنے دیں۔

اپنے ویڈیو بیان کے آخر میں انہوں نے ایک انتہائی حساس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ایک معاملہ ہوا جس کا پرائیویسی کی وجہ سے میں بتا نہیں سکتا، وہاں پولیس کا جانا منع کیا ہوا تھا، پھر ہم نے پولیس کی مدد سے وہ معاملہ حل کروایا، اس طرح سے اسٹیٹس کے معاملات نہیں چلتے۔

اظہر خان نےپیغام کے اختتام پر کہا کہ اس پر ان تینوں حضرات سے میری گزارش ہے کہ اس عمل کو ختم کیا جائے، اپنا جو مرضی کریں لیکن کسی کا داخلہ ختم نہ کریں، تاکہ ریاست کا نظام درست طریقے سے چل سکے۔

راولپنڈی اور آزاد کشمیر سے متعلق اظہر خان نے ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے جموں کشمیر کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی سرگرمیوں اور سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے پیغام دیا کہ میں راولپنڈی میں کشمیریوں کی گرفتاری کی خبروں کو یکسر مسترد کرتا ہوں، راولپنڈی میں کسی کشمیری کی کوئی گرفتاری نہیں ہوئی، میں صبح سے سفر کر رہا ہوں مجھے کسی نے نہیں روکا، جھوٹی خبریں مت پھیلائیں۔