مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر کے جنرل سیکرٹری چوہدری طارق فاروق نے کالعدم ایکشن کمیٹی کے حالیہ احتجاج پرکہا ہے کہ ریاست کے کئی چہرے ہوتے ہیں مگر سب سے خوبصورت اور مقبول تصور یہی ہے کہ ریاست ہو ماں جیسی۔
سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میںانہوں نے کہا کہ یقیناً ریاست کو ماں جیسا ہی ہونا چاہیے، مگر اُن بچوں کے لیے جو اپنی ریاست کو بھی ماں جیسا احترام دیں ،جو دینی، اخلاقی اور سماجی اقدار کی پاسداری کریں، جو آئین و قانون کی پابندی کرتے ہوئے خود کو ایک ذمہ دار شہری ثابت کریں۔
یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر عوام نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کو مسترد کر دیا،آئی جی لیاقت علی ملک
انہوں نے کہا کہ جو اپنے حقوق کے حصول کے لیے دلیل، آئین اورقانونی راستہ اختیار کریں۔جو تعلیم، صحت، انصاف اور برابری کے مطالبے کو تہذیب اور شعور کے ساتھ پیش کریں۔
اگر گھر کے کچھ افراد ہی ماں کو مسلسل اذیت دیں،ہر روز بلیک میلنگ، بدتمیزی اور گالم گلوچ کو اپنا ہتھیار بنا لیں،اداروں اور بزرگوں کی تضحیک کو بہادری سمجھیں،راستے بند کر کے عام لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دیں۔
ڈنڈے اور دباؤ کے زور پر مراعات مانگیں،حقوق تو یاد رکھیں مگر فرائض بھول جائیں،حتیٰ کہ مخالف قوتوں سے روابط استوار کر کے اپنی ہی ریاست کے خلاف سازشوں میں شریک ہوں۔
اور وقت ضرورت ماں کی حفاظت کے لیے ایک قدم آگے بڑھانے کو بھی تیار نہ ہوںتو پھر سوال یہ ہے کہ ایسی ماں اپنے نافرمان اور نکھٹو بیٹوں کو کیسے دعا دے ۔
یہ بھی پڑھیں:کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی غیر ملکی سوشل میڈیا کی حمایت، ریاست مخالف عزائم بے نقاب
انہوں نے کہا کہ ریاست صرف حقوق کا نام نہیں، ذمہ داری کا نام بھی ہے۔ماں صرف محبت نہیں دیتی، نظم و ضبط بھی سکھاتی ہے۔ذرا سوچیے گا لیکن تب جب آپ سوچنے کے قابل ہوں ۔




