پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) نے صارفین کو سوشل میڈیا اور مختلف کمپنیوں کے جعلی لنکس کے ذریعے فریب دینے کی بڑھتی ہوئی شکایات پر سخت وارننگ جاری کردی ہے۔ پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین کو فریب دے کر ان کے بینک اور موبائل اکاؤنٹس سے ڈیٹا چوری کیا جا رہا ہےجس سے مالی نقصانات بھی ہو سکتے ہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) کو مسلسل ایسی شکایات موصول ہو رہی ہیں جن میں مختلف صارفین کو سوشل میڈیا یا دیگر پلیٹ فارمز پر انعامی اسکیموں کے تحت لنکس بھیجے جا رہے ہیں۔ ان جعلی لنکس پر کلک کرنے سے صارفین کے اکاؤنٹس سے ڈیٹا چوری کیا جا رہا ہےجس کے بعد ان کے بینک یا موبائل اکاؤنٹس کو بھی خالی کیا جا سکتا ہے۔
پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی مشکوک لنک پر کلک نہ کریں خاص طور پر وہ لنکس جو 5 سے 10 گروپس میں شیئر کرنے پر انعام دینے کا وعدہ کرتے ہیں۔ ایسی اسکیمیں دھوکہ دہی پر مبنی ہیں اور ان کے ذریعے ہیکرز صارفین کی ذاتی معلومات چرا کر نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
اتھارٹی نے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ وہ کسی بھی نامعلوم یا مشکوک لنک کو شیئر کرنے سے گریز کریں ورنہ وہ خود کسی ممکنہ نقصان کے ذمہ دار ہوں گے۔ اگر کسی صارف کو ایسا کوئی دھوکہ دہی والا لنک ملے تو وہ فوری طور پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) کو ای میل کے ذریعے اطلاع دے سکتا ہے۔
مزید معلومات اور شکایات کے لیے پی ٹی اے سے درج ذیل ای میل پر رابطہ کریں:
info@pta.gov.pk




