محکمہ موسمیات

آج ملک بھر میں موسم کیسا رہے گا؟محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ دنوں کے دوران موسم میں نمایاں تبدیلی کی پیشگوئی کی ہے ۔

کچھ علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ دیگر علاقوں میں شدید گرمی اور خشک موسم برقرار رہنے کی توقع ہے ۔

پیشگوئی کے مطابق خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور بالائی و وسطی پنجاب کے متعدد اضلاع میں اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے ۔

ان علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے اور کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں معمولی کمی بھی دیکھی جا سکتی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ملک کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

دوسری جانب وسطی اور جنوبی پنجاب میں گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ چلنے کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جبکہ کراچی سمیت ساحلی پٹی میں دن کے اوقات میں گرمی اور حبس برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔

تاہم شام کے وقت ہوا کی شدت میں معمولی بہتری آسکتی ہے۔بلوچستان کے زیادہ تر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض شمالی اور پہاڑی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں ۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال بحیرہ عرب سے آنے والی کمزور مرطوب ہواؤں اور شمالی علاقوں میں موجود فضائی دباؤ کے باعث پیدا ہو رہی ہے، جس سے ملک کے موسم میں جزوی تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے ۔

ماہرین کے مطابق ملک میں اس وقت پری مون سون کا آغاز ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں آئندہ دنوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آئندہ 24گھنٹوں میں موسم کیسا رہے گا؟محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کردی

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں اور آندھی یا بارش کی صورت میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔