کراچی: کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے صوفی بزرگ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے سالانہ عرس مبارک کے موقع پر 8 جون کو شہر میں مقامی تعطیل کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ کے ایم سی کے ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اس فیصلے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 22 ذوالحج 1447 ہجری بمطابق 8 جون کو شہرِ قائد میں مقامی چھٹی ہوگی۔ یہ فیصلہ سٹی کونسل کراچی کی جانب سے منظور کردہ ایک قرارداد کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ تعطیل کے باعث کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے زیرِ انتظام کام کرنے والے تمام بلدیاتی دفاتر اور شعبہ جات مکمل طور پر بند رہیں گے۔ کے ایم سی حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کی منظوری مجاز اتھارٹی سے لی گئی ہے اور تمام محکموں کو اس پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیصل راٹھور،ان کے والد مرحوم کیخلاف سوشل میڈیا پوسٹیں کرنے پر مقدمہ درج
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے وہ تمام ادارے، محکمے اور دفاتر جو ضروری اور ہنگامی نوعیت کی خدمات سرانجام دیتے ہیں، وہ اس تعلیط سے مستثنیٰ ہوں گے۔ ایسے تمام دفاتر میں معمول کے مطابق کام جاری رہے گا تاکہ عرس کی تقریبات اور چھٹی کے دوران شہریوں کو بنیادی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ یا دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واضح رہے کہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کا مزار کراچی کا سب سے اہم مذہبی، روحانی اور تاریخی مرکز مانا جاتا ہے، جہاں ہر سال عرس کی سہ روزہ تقریبات کے دوران ملک بھر سے لاکھوں کی تعداد میں زائرین اور عقیدت مند حاضری دیتے ہیں۔ عرس کے اس خاص موقع پر مختلف مذہبی اور روحانی محافل کا انعقاد کیا جاتا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور کے ایم سی کی جانب سے زائرین کی سہولت، لنگر کی تقسیم اور سکیورٹی کے سخت اور خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں۔



