پی پی رہنما و امیدوار اسمبلی احمد سعید ن لیگ میں شامل، حافظ حفیظ کی حمایت کا اعلان

گلگت بلتستان کے حلقہ جی بی اے 2 گلگت 2 میں بڑی سیاسی ہلچل پیدا ہو گئی ہے جہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور حلقہ جی بی اے 2 کے امیدوار احمد سعید نے مسلم لیگ ن میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔

احمد سعید نے سابق وزیر اعلیٰ اور مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے صدر حافظ حفیظ الرحمان کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے انتخابی دنگل سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ووٹ ملے نہ ملے گلگت بلتستان میں سہولیات فراہم کروں گا ،نواز شریف

سئی جگلوٹ سے تعلق رکھنے والے اہم سیاسی رہنما احمد سعید نے اپنی برادری اور تمام ووٹرز و سپورٹرز سمیت حافظ حفیظ الرحمان کی بھرپور حمایت کرنے اور ان کی انتخابی مہم کو کامیاب بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے جس سے حلقے کی سیاسی صورتحال میں مسلم لیگ ن کی پوزیشن انتہائی مستحکم ہو گئی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر حافظ حفیظ الرحمان نے احمد سعید کی الیکشن سے دستبرداری اور مسلم لیگ ن میں شمولیت کا پرجوش خیرمقدم کیا۔

یہ بھی پڑھیں:سالانہ ترقیاتی پروگرام ، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے153ارب مختص کئے جائیں گے، احسن اقبال

حافظ حفیظ الرحمان نے احمد سعید ان کی پوری برادری اور تمام سپورٹرز کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے حلقے میں ترقی پسند قوتوں کو مزید تقویت ملے گی ۔

تقریب میں موجود سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں نے اس شمولیت کو حلقہ جی بی اے 2 کے مستقبل کے لیے ایک بڑا اور مثبت موڑ قرار دیا ہے جبکہ احمد سعید کے اس اقدام سے پیپلز پارٹی کو حلقے میں بڑا سیاسی دھچکا لگا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:گلگت سے راولپنڈی آنیوالی کار حادثے کا شکار،مظفرآباد کے شہری سمیت6افراد جاں بحق