سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشت گردوں کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 17 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں انٹیلی جنس معلومات پر مبنی تھیں، جن میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 24 مئی کو پیش آنے والے ٹرین حادثے کے بعد سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز (IBOs) کا آغاز کیا۔ آپریشنز کا یہ سلسلہ مستونگ، نوشکی، زہری، خضدار اور کیچ کے اضلاع میں بیک وقت شروع کیا گیا تاکہ شرپسند عناصر کا جڑ سے خاتمہ کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں بڑی تباہی کا منصوبہ ناکام ،سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی، خودکش حملہ آور ہلاک
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ان انتہائی حساس کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور خفیہ پناہ گاہوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ اس دوران فورسز اور شرپسندوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ہندوستانی پراکسی ‘فتنہ الہندوستان’ سے تعلق رکھنے والے 17 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ فورسز نے موقع سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لے کر علاقے میں کلیئرنس آپریشن مزید تیز کر دیا ہے۔




