آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں ایک بڑی سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کی میزبانی میں اہم ترین آل پارٹیز کانفرنس (APC) تھوڑی دیر بعد شروع ہونے جا رہی ہے۔ خطے کی موجودہ صورتحال اور اہم امور پر مشاورت کے لیے بلائی گئی اس کانفرنس میں تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور جنرل سیکرٹریز کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم کانفرنس کے سربراہ اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس بلانا ایک انتہائی خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خطے کے بہت سارے اہم ترین معاملات پر تمام جماعتوں کے درمیان اتفاقِ رائے پہلے سے ہی موجود ہے۔ سردار عتیق احمد خان کا مزید کہنا تھا کہ اس آل پارٹیز کانفرنس میں تمام جماعتوں کی رائے شامل ہو گی، اس لیے اب ضرورت اس امر کی ہے کہ سارے قائدین مل بیٹھ کر مزید اتفاقِ رائے پیدا کریں اور خطے میں صاف و شفاف انتخابات کی راہ ہموار کی جائے۔ سربراہ جموں و کشمیر پیپلزپارٹی سردار حسن ابراہیم بھی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کیلئے وزیر اعظم ہاؤس پہنچ گئے۔
آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے آمد کے موقع پر سابق صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مظفرآباد میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد ایک انتہائی خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے اس مشاورتی عمل کی تعریف کرتے ہوئے واضح کیا کہ تمام سیاسی قائدین کا ایک میز پر مل بیٹھ کر مشورہ کرنا جمہوریت کے استحکام کے لیے بے حد اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے پلیٹ فارمز خطے کے سیاسی اور انتظامی مستقبل کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور اس بیٹھک سے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم ہائوس مظفرآباد میں آج اہم اے پی سی ہوگی،31شخصیات مدعو،ایکشن کمیٹی کو بھی دعوت
آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے آزاد کشمیر کی صفِ اول کی سیاسی قیادت وزیراعظم ہاؤس پہنچ چکی ہے۔ آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور اب تک مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہ غلام قادر، سابق وزرائے اعظم راجہ فاروق حیدر خان، سردار عتیق احمد خان، سردار حسن ابراہیم اور پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے رہنما عبدالماجد خان کانفرنس میں شرکت کے لیے پہنچ گئے ہیں۔
کانفرنس میں تمام مکاتبِ فکر اور سیاسی نظریات کی حامل جماعتوں کو نمائندگی دی گئی ہے۔ جماعت اسلامی کے نور الباری، راجہ جہانگیر، آل جموں و کشمیر جمعیت علماء اسلام کے قاضی محمود الحسن جبکہ جموں و کشمیر لبریشن لیگ سے منظور قادر ڈار بھی اہم بیٹھک کے لیے پہنچ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ مجلس وحدت المسلمین (MWM) کے سید یاسر عباس اور جمعیت علمائے اسلام جموں و کشمیر کے امتیاز صدیقی بھی وزیراعظم ہاؤس پہنچنے والے رہنماؤں میں شامل ہیں۔




