وحید الحسن کا چوہدری رشید کے الیکشن لڑنے پر سخت تحفظات کا اظہار

جہلم ویلی (کشمیر ڈیجیٹل،عمر بھٹی راجپوت)حلقہ سات سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق امیدوار برائے ضلع کونسل چوہدری وحید الحسن نے سابق وزیر چوہدری رشید کے حلقہ سات سے الیکشن لڑنے کے فیصلے پر سخت تحفظات اور برہمی کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں چوہدری وحید الحسن نے کہا کہ چوہدری رشید نے ماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ایک بار پھر سیاسی وابستگیوں اور حکمت عملی میں تبدیلی کی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مطالبات تسلیم نہ کئے تو اسمبلی گھیرائو، ہسپتالوں کی تالا بندی ہوگی،ہیلتھ ملازمین

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ذاتی سیاسی مفادات کے باعث حلقہ سات میں گجر برادری کے نوجوان اور باصلاحیت سیاسی کارکنوں کی حوصلہ شکنی کی گئی۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر چوہدری رشید واقعی گجر برادری کے خیر خواہ تھے تو حلقہ سات کے تعلیم یافتہ، باصلاحیت اور نوجوان افراد کو سیاسی میدان میں آگے آنے اور قیادت کا کردار ادا کرنے کے مواقع کیوں فراہم نہیں کیے گئے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:منی لندن میرپور میں لگژری گاڑیوں کیساتھ تقریبات توجہ کا مرکز بن گئیں

چوہدری وحید الحسن کا کہنا تھا کہ حلقہ بھر کے باشعور اور باوقار نوجوانوں کو ایسے طرزِ سیاست کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نوجوان صرف نعروں اور شخصیت پرستی تک محدود رہے تو انہیں عملی طور پر کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حلقہ سات کے عوام اور بالخصوص نوجوان نسل کو اپنی سیاسی ترجیحات کا تعین میرٹ، کارکردگی اور اجتماعی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کرنا چاہیے۔