مظفرآباد (1 جون 2026): آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات کا نقارہ بج گیا ہے، جہاں الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹوں سمیت تمام بنیادی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اس سلسلے میں آئندہ ہفتے انتخابی شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا، جبکہ نادرا کے خصوصی تعاون کی بدولت ریاست بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد اب 33 لاکھ سے متجاوز ہو چکی ہے۔
آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے ممبر سید نظیرالحسن گیلانی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں ہونے والے آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن نے اپنی تمام بنیادی ذمہ داریاں مکمل کر لی ہیں اور آئندہ ہفتے انتخابی شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔ مظفرآباد میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے سید نظیرالحسن گیلانی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی پلان کے مطابق سب سے پہلے حلقہ بندیوں (ڈیلیمٹیشن) کا عمل مکمل کیا۔ اس دوران اخبارات میں اشتہارات کے ذریعے عوام سے اعتراضات طلب کیے گئے، موصول ہونے والے اعتراضات کی سماعت کے بعد حلقہ بندیوں کو حتمی شکل دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: وسطی باغ سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر الیکشن ہر صورت لڑونگا : بریگیڈیئر( ریٹائرڈ) محمد خان
انہوں نے کہا کہ دوسرا اہم مرحلہ ووٹر لسٹوں کی تیاری اور حتمی منظوری تھا، کیونکہ درست اور شفاف ووٹر لسٹیں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی بنیاد ہوتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2021ء کے عام انتخابات میں آزاد کشمیر کی 33 حلقہ جات میں ووٹرز کی تعداد 28 لاکھ 15 ہزار 490 تھی جبکہ 2022ء کے بلدیاتی انتخابات میں یہ تعداد 29 لاکھ 50 ہزار 139 ہو گئی۔ اب آئندہ عام انتخابات 2026 کے لیے حتمی ووٹر لسٹوں کے مطابق 33 حلقہ جات میں ووٹرز کی تعداد 33 لاکھ 65 ہزار 839 ہو چکی ہے۔ سید نظیرالحسن گیلانی نے بتایا کہ گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں ووٹرز کی تعداد میں 4 لاکھ 15 ہزار 710 کا اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان میں مقیم مہاجرین جموں و کشمیر کے لیے مختص 12 حلقوں میں بھی ووٹرز کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ آئندہ انتخابات میں جموں کے چھ حلقوں میں 4 لاکھ 38 ہزار 545 جبکہ وادی کشمیر کے چھ حلقوں میں 33 ہزار 597 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس بار الیکشن کمیشن نے نادرا کے ساتھ خصوصی معاہدہ کیا جس کے تحت یکم اپریل تک 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے تمام شہری خودکار طریقے سے ووٹر لسٹوں میں شامل ہو گئے۔ اسی طرح وفات پا جانے والے افراد کے نام بھی خودکار نظام کے ذریعے ووٹر لسٹوں سے خارج کر دیے گئے جبکہ مستقل پتوں میں تبدیلی کی معلومات بھی نادرا کے ذریعے بروقت اپ ڈیٹ کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں شناختی کارڈ کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے نادرا کی موبائل ٹیموں کو بھیجا گیا تاکہ اہل ووٹرز کو ان کے گھروں کے قریب سہولت فراہم کی جا سکے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں ووٹرز کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ سید نظیرالحسن گیلانی نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں ووٹر لسٹوں سے متعلق بعض شکایات سامنے آئیں جن کے ازالے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کی گئی۔ کمیٹی نے مسلسل محنت کے بعد تمام اعتراضات اور تکنیکی خامیوں کو دور کیا اور اب ووٹر لسٹیں مکمل طور پر درست اور شفاف ہیں۔
مزید پڑھیں: آزادکشمیر الیکشن شیڈول جون کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے، ترجمان الیکشن کمیشن
انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ ووٹر لسٹوں کی اشاعت کے بعد انہیں سیاسی جماعتوں اور متعلقہ حلقوں کے جائزے کے لیے بھی فراہم کیا گیا تاکہ کسی بھی قسم کی غلطی کی نشاندہی کی جا سکے، تاہم حتمی فہرستوں کے اجرا کے بعد کسی بڑی شکایت کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کے عملے، آزاد کشمیر انتظامیہ، نادرا اور دیگر متعلقہ اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں نے مقررہ آئینی اور قانونی مدت کے اندر انتخابی تیاریوں کی تکمیل میں بھرپور تعاون کیا۔ سید نظیرالحسن گیلانی نے کہا کہ عوام، سیاسی جماعتیں اور امیدوار ووٹر لسٹوں، حلقہ بندیوں یا دیگر انتخابی امور کے حوالے سے معلومات اور رہنمائی کے لیے چیف الیکشن کمشنر، سیکرٹری الیکشن کمیشن یا دیگر متعلقہ دفاتر سے رابطہ کر سکتے ہیں، جن کے رابطہ نمبر اور معلومات الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دستیاب ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر میں شفاف، منصفانہ اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔




