شجاع خورشید

حویلی سانحہ : راجہ شجاع راٹھورکا 7نوجوانوں کے لواحقین کیلئے فی کس 1 لاکھ روپے امداد کا اعلان

ممبر آزاد جموں و کشمیر کونسل راجہ شجاع خورشید راٹھور نے خورشید آباد حویلی کے المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے 7 نوجوانوں کے لواحقین کے لیے فی کس ایک لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کر دیا ۔

اس افسوسناک سانحے پر انہوں نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج پورا ضلع حویلی سوگ کی کیفیت میں مبتلا ہے اور اس سانحے نے ہر آنکھ کو اشکبار کر دیا ہے ۔

راجہ شجاع خورشید راٹھور نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ 7 نوجوانوں کی ناگہانی اموات پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے اور اس حادثے نے نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پورے ضلع حویلی کو غم میں مبتلا کر دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ حویلی کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے، جس کا دکھ طویل عرصے تک محسوس کیا جاتا رہے گا اور ان نوجوانوں کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سانحہ خورشید آباد کے باعث ضلع حویلی میں دو روزہ سوگ کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری

ان کا کہنا تھا کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں وہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا ۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اس مشکل وقت میں خود کو تنہا محسوس نہ کریں ۔

راجہ شجاع خورشید راٹھور نے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کے درجات بلند فرمائے اور انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا کرے ۔

انہوں نے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ متاثرہ خاندانوں کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حویلی حادثے پر حکومت کا بڑا فیصلہ، لواحقین کو 10،10 لاکھ روپے دینے کا اعلان

انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے بھی دعا کی ۔