نوٹیفکیشن

سانحہ خورشید آباد کے باعث ضلع حویلی میں دو روزہ سوگ کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) سانحہ خورشید آباد کے افسوسناک واقعے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ضلع حویلی بھر میں دو روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سوگ کے دوران سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا جبکہ مختلف سرکاری تقریبات اور عوامی سرگرمیوں کو بھی محدود رکھا جائے گا ۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں سانحے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔

علاقے بھر میں سانحے پر گہرے رنج و غم کی فضا قائم ہے جبکہ سیاسی، سماجی اور مذہبی حلقوں کی جانب سے بھی افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ شہریوں نے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے ۔

انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سوگ کے دنوں میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں ۔

نوٹیفکیشن
نوٹیفکیشن