پونچھ (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے ضلع پونچھ کے علاقے عباسپور سے تعلق رکھنے والے شہید سپاہی عبدالعزیز کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی ان کی قربانی قوم کے لیے باعثِ فخر ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سپاہی عبدالعزیز نے 26 ہزار فٹ کی بلند و بالا برف پوش گلیشیئر پر اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کیا اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان قربان کرکے بہادری، فرض شناسی اور حب الوطنی کی روشن مثال قائم کی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم آزادکشمیرکا چڑی کوٹ سیکٹر کا دورہ، افواج پاکستان کے جوانوں کیساتھ عید منائی
وزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ قوم کے شہداء ہماری آزادی، امن اور سلامتی کے ضامن ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپاہیوں کی خدمات اور قربانیاں ہمیشہ سنہری حروف میں لکھی جائیں گی ۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کے اہل خانہ کے دکھ اور غم میں برابر کی شریک ہے ۔ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کی قربانیاں بھی قابلِ قدر ہیں کیونکہ وہ اپنے پیاروں کو وطن کی خاطر قربان کرتے ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عوامی ایکشن کمیٹی،حکومت پاکستان مذاکرات، چیف سیکرٹری نے تمام فریقین کو دعوت نامہ جاری کر دیا
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیوں کی قدر کی جائے گی اور ان کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائیگا ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے شہید سپاہی عبدالعزیز کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل دے اور پوری قوم کو شہداء کی قربانیوں کی قدر کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین ۔




