ڈی سی آفس کے اہلکاروں نے راشن من پسند افراد میں تقسیم کردیا، مستحق خواتین کا احتجاج

مظفر آباد(کشمیر ڈیجیٹل) ڈپٹی کمشنر آفس مظفرآباد میں رمضان فوڈ پیکیج کی من پسند افراد میں تقسیم کیخلاف مستحق خواتین نے مرکزی ایوان صحافت کے باہر احتجاج ریکارڈ کرایا۔

خواتین نے کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سے شناختی کارڈ لئے گئے، ہم 3 دن سے راشن کیلئے چکر لگا رہی ہیں لیکن ہمیں راشن نہیں دیا جا رہا ہے۔

ایک خاتون نے بتایا کہ خاتون نے دھمکی دی ہے یہاں سے نکلو ورنہ پولیس اہلکاروں سے دھکے دے کر باہر نکالا جائیگا، خواتین نے ڈپٹی کمشنر سمیت حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

خواتین کا کہنا تھا کہ ہمیں 3 دن سے ذلیل وخوار کیا جا رہا ہے، کبھی کہاں جا رہا پٹواری کے پاس جائو تو کبھی ڈی سی آفس جائوجبکہ ہمیں ڈپٹی کمشنر سے ملنے بھی نہیں دیا جا رہاہے، ہمیں ہمارا حق دیا جائے۔

خواتین نے الزام لگایا کہ مقامی مستحق خواتین کو نظر انداز کرکے ڈپٹی کمشنر آفس کے اہلکاروں نے من پسند لوگوں کو ہمارے ہی نام پر راشن دیا ہے، بیوہ اور ناداروں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔

Scroll to Top