حکومت ہوش کے ناخن لے، ریاست کو پولیس سٹیٹ میں تبدیل نہ کرے، قیوم نیازی

مظفر آباد(کشمیر ڈیجیٹل)صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے جامعہ کشمیر میں طلبہ کے پرامن احتجاج پر پولیس کے لاٹھی چارج کی مذمت ہوئے کہا ہےکہ حکومت نے ریاست کو پولیس اسٹیٹ بنانے کی ٹھان لی ہے۔

ایک بیان میں سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ پر امن مظاہرے تک کی اجازت نہیں ، روزے کی حالت میں معصوم طلبہ پر تشدد کسی صورت قابل قبول نہیں ، حکومت ہوش کے ناخن لے اور پرامن مظاہرین پر طاقت کے استعمال کا سلسلہ بند کرے ۔

قبل ازیں سردار عبدالقیوم نیازی نے صدر انجمن تاجران عباسپور سردار حیات ، بلدیاتی نمائندوں و دیگر کے خلاف ایف آئی آر فوری واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر واپس لے کر حکومت کو عوامی مسائل کے حل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔تمام حکومتی محکموں کو اپنے فرائض احسن طریقے سے سر انجام دینے ہوں گے۔

موجودہ حکومت ہر شعبے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے ، عوام کے مسائل کے حل کیلئے احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ۔پی ٹی آئی اپنے قائد عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام کے حقوق کیلئے ہر فورم پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بطور وزیر اعظم عباسپور میں بجلی کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے گرڈ اسٹیشن کے قیام کی منظوری دی،مکس اچار حکومت نے گرڈ اسٹیشن کو بجٹ 2023۔24 میں ڈراپ کر کے عباسپور کے ساتھ سیاسی انتقام کی انتہا کی جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت فوری گرڈ اسٹیشن عباسپور کے قیام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرے تاکہ وولٹیج و دیگر مسائل حل ہو سکیں ۔

Scroll to Top