تتہ پانی/کوٹلی :وزیر ہائر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک نے تتہ پانی کو ٹاؤن کمیٹی کا درجہ دلانے کا عوام سے کیا گیا دیرینہ وعدہ پورا کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن عوام کے حوالے کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ پانچ سال قبل حلقہ کے عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے حلقہ راج محل میں تعلیم، صحت، سڑکوں، انفراسٹرکچر اور عوامی سہولیات کے متعدد منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جبکہ تعمیر و ترقی کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت آزاد کشمیر کا بڑا فیصلہ؛ ضلع کوٹلی کے مشہور سیاحتی مقام تتہ پانی کو ٹاؤن کمیٹی کا درجہ دے دیا گیا
گزشتہ شب مقامی ہوٹل میں میں سابق امیدوار اسمبلی و سابق صدر بار سردار آفتاب انجم، صدر انجمن تاجران چودھری عبدالوحید اور ملک غلام عباس کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ظفر اقبال ملک نے کہا کہ یونین کونسل تتہ پانی کو ٹاؤن کمیٹی کا درجہ دینے کا اعلان سابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے اپنے دورہ تتہ پانی کے موقع پر کیا تھا، تاہم اس اعلان کو عملی شکل دینے کے لیے طویل قانونی اور انتظامی کارروائی مکمل کرنا پڑی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیراعظم فیصل راٹھور کے تعاون سے سیکرٹری، تجاوزات انسپکٹر اور دیگر ناگزیر اسامیوں کی منظوری دی گئی جس کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عید کے بعد ٹاؤن کمیٹی کے ایڈمنسٹریٹر کا تقرر کر دیا جائے گا اور ادارہ باقاعدہ طور پر فعال ہو جائے گا۔ انہوں نے اس تمام عمل میں تعاون پر ڈسٹرکٹ کونسلر عبدالرحیم ملک، یونین کونسل تتہ پانی کے مستعفی چیئرمین، وائس چیئرمین، وارڈ ممبران اور اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر ہائر ایجوکیشن نے بعض سیاسی مخالفین کی جانب سے کیے جانے والے منفی پراپیگنڈے، بلاجواز احتجاج اور سوشل میڈیا پر بغیر تحقیق افواہیں پھیلانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر نے عوام کو گمراہ کرنے اور ترقیاتی منصوبے کو متنازع بنانے کی کوشش کی، حالانکہ حکومت تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ٹاؤن کمیٹی کے قیام کے مراحل مکمل کر رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف جمہوریت کا حسن ہے مگر عوامی فلاح کے منصوبوں پر جھوٹا پراپیگنڈہ اور بے بنیاد الزامات افسوسناک ہیں۔
ظفر اقبال ملک نے کہا کہ 2021ء سے قبل حلقہ راج محل کو دانستہ طور پر پسماندہ رکھا گیا، بنیادی انفراسٹرکچر تباہ حال تھا، تعلیمی ادارے سہولیات سے محروم تھے، سڑکوں کی حالت خراب تھی اور نوجوانوں کو روزگار و تعلیم کے مواقع میسر نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں اور نام نہاد نمائندوں نے صرف دعوے کیے مگر عملی طور پر عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ آج راج محل کے عوام باشعور اور بیدار ہو چکے ہیں اور وہ اصلی اور جعلی عوامی نمائندوں کے درمیان فرق کو بخوبی جانتے ہیں۔ عوام اب نعروں اور کھوکھلے دعوؤں کے بجائے عملی کارکردگی کو دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کو حلقہ میں ہونے والی ریکارڈ ترقی ہضم نہیں ہو رہی، اسی لیے وہ سوشل میڈیا اور مختلف پلیٹ فارمز پر غلط معلومات پھیلا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر عوام اب حقیقت سے آگاہ ہیں۔
وزیر ہائر ایجوکیشن نے اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی و ریاستی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل، جمہوری اقدار کے فروغ اور آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور اسی وژن کے تحت حلقہ راج محل میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان ملک کی سلامتی اور استحکام کی ضامن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہر مشکل وقت میں قوم کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنایا اور کشمیری عوام ہمیشہ ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ راج محل میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں جن میں درجنوں تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن، طلبہ کے لیے سفری سہولیات، سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور بنیادی عوامی مسائل کے حل کے منصوبے شامل ہیں۔ تعلیمی پیکیج کے تحت گورنمنٹ بوائز ہائی سکول تتہ پانی، گورنمنٹ گرلز مڈل سکول بگاہ، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول جنجوڑہ سمیت سرل گلی، جنجاڑہ، ٹینڈہ ناڑیاں، ساوڑ، کلہار، قمروٹی اور گواں کے تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کی گئی جبکہ اکالی منجیاڑہ، چڑنالی، ہلاں گوئی، ساوڑ، چہیار پناگ، ہری دھڑہ اور پراڑیاں کے مڈل سکولوں کو بھی اپ گریڈ کیا گیا۔ اسی طرح گرلز ہائی سکول دندلی اور پناکھ کی چار دیواریوں کی تعمیر بھی مکمل کرائی گئی۔.
یہ بھی پڑھیں:تتہ پانی کی قابل فخر بیٹی ڈاکٹر صفیہ اختر نے پورے علاقے کا نام روشن کردیا
پریس کانفرنس میں سابق امیدوار اسمبلی و سابق صدر بار سردار آفتاب انجم، صدر انجمن تاجران چودھری وحید، سردار الیاس عرف مندی، ملک غلام عباس، چیئرمین مظہر اقبال، وائس چیئرمین خالد بھٹی، آفتاب ایڈووکیٹ لیگل ایڈوائزر میونسپل کارپوریشن کوٹلی، سیکرٹری یونین کونسل کانیت ملک، پی آر او اسد علی، وائس چیئرمین چوکی ٹینڈہ میر حسین، نائیک سردار زراعت اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔




