وادی لیپا(کشمیر ڈیجیٹل)ریشیاں لیپہ روڈ سے برف ہٹانے کا مشکل مشن، پاک فوج اور محکمہ پی ڈبلیو ڈی نے کامیابی سے مکمل کر لیا
وادی لیپہ کو ملک کے دیگر علاقوں سے ملانے والی ریشیاں لیپہ روڈ حالیہ برفباری کے باعث شدید متاثر ہوئی۔ شدید برفباری کے نتیجے میں جہاں کئی مقامات پر برفانی تودے گرے، وہیں روڈ مکمل طور پر بند ہو کر رہ گیا۔
محکمہ پی ڈبلیو ڈی نے روڈ کی بحالی کیلئے فوری طور پر کام شروع کیا، مگر مسلسل گرنے والے برفانی تودوں اور غیرمعمولی برفباری کے باعث یہ مشن ایک بڑا چیلنج بن گیا۔ اس مشکل صورتحال میں پاک فوج نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے نہ صرف اپنی جدید مشینری روڈ پر پہنچائی بلکہ اپنے جوان بھی تعینات کیے، جنہوں نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے ساتھ مل کر دن رات محنت کرکے روڈ کو ٹریفک کے لیے بحال کیا۔
پاک فوج کے جوانوں نے برف ہٹانے کے ساتھ ساتھ، برف میں پھنسے مسافروں کی مدد بھی کی۔ مسافروں کے لیے سحر و افطار کا خصوصی انتظام کیا گیا جبکہ دشوار گزار علاقوں میں پھنسے لوگوں کو بحفاظت نکالا گیا۔
پاک فوج اور محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی مشترکہ کاوشوں سے ریشیاں لیپہ روڈ کو بحال کر دیا گیا، جس پر مقامی آبادی اور مسافروں نے دونوں اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔