اداکارہ مومنہ اقبال ہراسانی کیس: ن لیگی ایم پی اے ثاقب چدھڑ کا پہلا ویڈیو بیان جاری

پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے پنجاب اسمبلی کے رکن ثاقب چدھڑ نے نامور اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے عائد کردہ ہراسانی اور دھمکیوں کے سنگین الزامات پر پہلی بار باقاعدہ طور پر اپنا تفصیلی اور کھل کر ردِعمل جاری کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک حالیہ ویڈیو بیان میں ن لیگ کے ایم پی اے نے اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔

ثاقب چدھڑ نے اپنے ویڈیو بیان میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ کافی عرصے سے ایک تنازع چل رہا ہے جس کے بارے میں سب جانتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مومنہ اقبال نے مجھ پر میسجز اور دھمکیاں دینے کے الزامات لگائے ہیں لیکن میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میرا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ آٹھ ماہ سے نہ میں نے مومنہ اقبال سے کوئی رابطہ کیا اور نہ ہی اسے کوئی پیغام بھیجا ہے، اس لیے سوشل میڈیا پر ان کے خلاف بغیر تحقیق مہم چلائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ اورلیگی ایم پی اےکا تنازع، وزیراعلیٰ مریم نواز کا موقف سامنے آگیا

پنجاب اسمبلی کے رکن نے تمام صحافیوں سے گزارش کی ہے کہ وہ اس معاملے میں اداکارہ مومنہ اقبال سے باقاعدہ ثبوت مانگیں۔ ثاقب چدھڑ کا کہنا تھا کہ اب میرا مومنہ سے کوئی تعلق نہیں رہا، نہ میں اس کی ذاتی زندگی میں دلچسپی رکھتا ہوں اور نہ ہی کسی قسم کے رابطے میں ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے تو خود اداکارہ کی شادی کے بارے میں بھی میڈیا کے ذریعے ہی معلوم ہوا ہے، لہذا براہِ کرم میرے خلاف ویڈیوز بنانے اور مہم چلانے سے پہلے اصل حقائق کی تحقیق کر لیا کریں۔

ثاقب چدھڑ نے اپنے بیان میں معاملے کا پسِ منظر بتاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اصل معاملہ یہ تھا کہ مومنہ اقبال کے ہونے والے شوہر نے میری اس کے ساتھ ویڈیو دیکھی، جس پر وہ غصے میں آیا اور اس نے مجھے دھمکیاں دیں۔ انہوں نے یہ سنگین انکشاف بھی کیا کہ مومنہ اقبال کی والدہ نے خود مجھے فون کر کے معذرت کی تھی جبکہ خود مومنہ نے بھی کال کر کے معافی مانگی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اداکارہ کا منگیتر تو بعد میں کراچی چلا گیا اور عدالت میں بھی پیش نہیں ہوا، اس لیے بلاوجہ مجھے موردِ الزام ٹھہرایا جا رہا ہے اور یہاں محض عورت ہونے کا کارڈ استعمال کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: مظفرآباد میں خواتین پارک کو کچرا کنڈی بنانے پر عوام کا شدید احتجاج، پارک کا مرکزی گیٹ مکمل بند

یاد رہے کہ یہ تنازع اُس وقت شدت اختیار کر گیا تھا جب اداکارہ مومنہ اقبال نے مبینہ طور پر ایک بااثر شخصیت کی جانب سے ہراسانی، دھمکیوں اور دباؤ ڈالنے کے سنگین الزامات عائد کیے تھے۔ اگرچہ اداکارہ نے ابتدا میں براہِ راست کسی کا نام لینے سے گریز کیا تھا، تاہم بعد میں تحقیقات کے دوران ایم پی اے ثاقب چدھڑ کا نام سامنے آیا اور انہیں بھی اس معاملے میں شامل کیا گیا۔ اس پورے معاملے نے شوبز اور سیاسی حلقوں میں ایک نئی ہلچل مچا دی ہے اور سوشل میڈیا پر دونوں شخصیات کے حامیوں کے درمیان ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔