وزیر اعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا (ایکس) پر اپنے پیغام میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خطے میں امن کے قیام کیلئے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ آج سعودی عرب، قطر، ترکیہ، مصر، متحدہ عرب امارات، اردن اور پاکستان کی قیادت کے درمیان ہونے والی اہم ٹیلیفونک گفتگو انتہائی مفید اور نتیجہ خیز رہی ۔
ان کے مطابق ایک اہم اور نتیجہ خیز ٹیلی فونک گفتگو ہوئی جس میں خطے کی صورتحال اور امن کے قیام کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وزیراعظم نے بتایا کہ اس عمل میں پاکستان کی نمائندگی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کی ، جنہوں نے گفتگو کے دوران پاکستان کا مؤقف پیش کیا اور امن کی کوششوں میں فعال کردار ادا کیا۔
شہباز شریف نے ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اس پورے عمل کے دوران ان کی انتھک محنت اور سنجیدہ سفارتی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دورہ چین عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز، الجزیرہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو ”ہائی پروفائل لیڈر“ قرار دے دیا
بیان کے مطابق اس ٹیلی فونک رابطے میں موجودہ علاقائی حالات، درپیش چیلنجز اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے مسلسل مکالمہ اور تعاون ناگزیر ہے ۔
مختلف ممالک کے رہنماؤں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تنازعات کے حل کے لیے سفارتی راستے اور مذاکرات کو ترجیح دی جانی چاہیے ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے امن کا حامی رہا ہے اور آئندہ بھی خلوص نیت کے ساتھ علاقائی استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا ۔
انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ اس عمل کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے اور اگلے دور کے مذاکرات کی میزبانی پاکستان میں کیے جانے کا امکان ہے جو خطے میں امن و استحکام کیلئے ایک اہم پیشرفت ثابت ہو سکتے ہیں ۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مذاکرات نے موجودہ علاقائی صورتحال اور جاری امن کی کوششوں کو آگے بڑھانے کے طریقوں پر خیالات کے تبادلے کا ایک مفید موقع فراہم کیا تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم کیا جاسکے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شہباز شریف سے چینی کاروباری وفد کی ملاقات ، دو طرفہ تجارتی فروغ پر تفصیلی گفتگو
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی امن کی کوششیں انتہائی خلوص کیساتھ جاری رکھے گا اور اُمید ہے کہ ہم بہت جلد اگلے دور کے مذاکرات کی میزبانی کریں گے ۔




