پُرامن امتحانی ماحول کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کوطلب کیا گیا، ترجمان جامعہ کشمیر

مظفرآباد(نیوزڈیسک)جامعہ آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ جامعہ آزاد جموں و کشمیر میں آج صبح 10 بجے امتحانات پُرامن ماحول میں مقررہ وقت پر شروع ہوئے۔

تاہم چند طلبہ نے فیس کی عدم ادائیگی کے باوجود امتحان میں شرکت پر اصرار کرتے ہوئے احتجاج کیا اور سٹی کیمپس کے مرکزی دروازے کو بند کر دیا۔

پُرامن امتحانی ماحول کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کو کیمپس انچارج اور چیئرمین شعبہ قانون کی درخواست پر طلب کیا گیا تھا۔ یونیورسٹی انتظامیہ اور قانون نافذکرنیوالے ادارے موقع پر موجود رہے اور احتجاجی طلبہ سے مذاکرات کئے جس کے نتیجے میں معاملات تقریباً طے پا چکے تھے۔

تاہم چند شرپسند عناصر نے اچانک اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس اور اسسٹنٹ کمشنر پر حملہ کیا اور غیر اخلاقی زبان استعمال کی۔

موقع کی نزاکت کے پیش نظر اور امن و امان کی بحالی کے لیے پولیس نے سٹی کیمپس کے اندر محدود سطح پر کارروائی کی، جس کے بعد شرپسند عناصر منتشر ہو گئے اور معمول کی تعلیمی سرگرمیاں بحال کر دی گئیں۔

جامعہ آزاد جموں و کشمیر تعلیمی ماحول کو ہر صورت برقرار رکھنےکیلئے پُرعزم ہے اورکسی بھی غیر تعلیمی سرگرمی کی حوصلہ افزائی نہیں کرے گی۔

یونیورسٹی انتظامیہ طلبہ پر زور دیتی ہے کہ وہ نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں اور اپنے تعلیمی سفر پر توجہ مرکوز رکھیں تاکہ جامعہ کا علمی اور تحقیقی ماحول متاثر نہ ہو۔

خطے میں ہراسگی کے بڑھتے واقعات افسوسناک، حکومت خواتین کے حقوق کیلئے قانون سازی کرے ، جمیلہ خاتون

Scroll to Top