مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے مقامی زکوٰۃ و عشر کمیٹیوں کے لیے 12 کروڑ 1 لاکھ 10 ہزار 4 سو روپے جاری کر دیے۔ نظامت اعلیٰ زکوٰۃ و عشر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ رقم آزاد کشمیر بھر کے مستحقین زکوٰۃ کے ذاتی اکاؤنٹس میں منتقل کر دی گئی ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی ہدایات اور وزیر زکوٰۃ سردار محمد حسین کی خصوصی کاوشوں سے یہ فنڈز فراہم کیے گئے۔ رقم کی تقسیم آزاد کشمیر کے دس اضلاع میں آبادی کے تناسب سے مساویانہ بنیادوں پر کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق ناسازگار مالی حالات کے باوجود سیکرٹری زکوٰۃ و عشر تہذیب النساء اور چیف ایڈمنسٹریٹر زکوٰۃ و عشر چوہدری محمد رزاق نے فنڈز کی فراہمی کو ممکن بنایا۔ محکمہ زکوٰۃ و عشر کے ذریعے انتہائی غریب، نادار اور مستحق افراد کو ان کے ذاتی اکاؤنٹس کے ذریعے رقوم منتقل کی گئیں تاکہ وہ عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔

پریس ریلیز کے مطابق ضلع مظفرآباد کے لیے 2 کروڑ 15 لاکھ 46 ہزار روپے، ضلع کوٹلی کے لیے 2 کروڑ 9 لاکھ 34 ہزار روپے، ضلع پونچھ کے لیے 1 کروڑ 24 لاکھ 52 ہزار 400 روپے، ضلع میرپور کے لیے 1 کروڑ 15 لاکھ 27 ہزار 200 روپے جبکہ ضلع نیلم کے لیے 1 کروڑ 10 لاکھ 77 ہزار 200 روپے مختص کیے گئے۔
اسی طرح ضلع بھمبر کے لیے 1 کروڑ 2 لاکھ 81 ہزار 600 روپے، ضلع جہلم ویلی کے لیے 95 لاکھ 54 ہزار 400 روپے، ضلع باغ کے لیے 90 لاکھ 93 ہزار 600 روپے، ضلع سدھنوتی کے لیے 81 لاکھ 72 ہزار روپے اور ضلع حویلی کے لیے 54 لاکھ 72 ہزار روپے جاری کیے گئے۔
چیئرمین آزاد جموں و کشمیر زکوٰۃ کونسل چوہدری اقبال نے کہا کہ آزاد کشمیر میں زکوٰۃ کی شفاف اور مساویانہ تقسیم کا نظام قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ محکمہ کے توسط سے زکوٰۃ و عشر ادا کریں تاکہ مستحق افراد کی مدد کو یقینی بنایا جا سکے۔




