مظفر آبادچیمبر کا محکمہ سیاحت میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے پر اتفاق

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)مظفرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے سیکرٹری سیاحت آزاد کشمیر چوہدری عبدالرحمن سے ٹورازم کمپلیکس میں ملاقات کی۔

ملاقات میں ناظم اعلیٰ سیاحت مہربان چوہدری اور دیگر آفیسران موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل سیاحت، آزاد جموں و کشمیر مہربان حسین چوہدری نے آزاد کشمیر میں سیاحتی سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں ماحولیاتی سیاحت (ایکو ٹورازم) ریزورٹس، ایڈونچر ٹورازم سہولیات، چیئر لفٹ اور کیبل کار منصوبوں اور پائیدار رہائش گاہوں کی ترقی کے مواقع پر روشنی ڈالی گئی۔

آزاد کشمیر ٹورازم پروموشن ایکٹ 2019 پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جو نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے لیے ون ونڈو آپریشن میکنزم فراہم کرتا ہے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو آسان بنایا جا سکے۔

وفد نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈلز، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور استعداد کار بڑھانے کے منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

اجلاس کے اختتام پر سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے دوستانہ پالیسیوں کو فروغ دینے، پائیدار سیاحتی ترقی کو یقینی بنانے اور آزاد کشمیر کو ممتاز سیاحتی مقام کے طور پر اجاگر کرنے کیلئے باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

سیکرٹری سیاحت وآثارقدیمہ چوہدری عبدالرحمن نے اس موقع پر چیمبرز کے وفد کی سیاحت کے شعبے میں دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ سیاحتی سرمایہ کاری کیلئے حکومت آسان قانونی معاونت اور حوصلہ افزائی کرتی ہے۔

چیمبرز کے صدر خواجہ احتشام ووگرہ نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ سرمایہ کار اپنے خطے میں سرمایہ کاری کریں جس سے نہ صرف مقامی آبادی کا معیار زندگی بلند ہوگا بلکہ زرمبادلہ میں بھی اضافہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: سترہ محکموں کو ترقیاتی سکیموں کیلئے 6ارب 71کروڑجاری، محکمہ شاہرات کیلئے6ارب مختص

 

Scroll to Top