گردوں کے مرض میں مبتلا گلگت بلتستان کے بچے ایئر ایمبولینس کے ذریعے منتقل

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر گلگت بلتستان کے ضلع چلاس سے تعلق رکھنے والے 2 مریض بچوں کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے لاہور منتقل کردیا گیا۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کے مطابق چلاس سے تعلق رکھنے والے 12 سالہ ثنااللہ اور 14 سالہ عطااللہ موروثی گردوں کی بیماری میں مبتلا ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گرتی ہوئی آبادی کو روکنے کا انوکھا منصوبہ، تیسرے اور چوتھے بچے کی پیدائش پر ہزاروں روپے انعام کا اعلان

وزیر اعلیٰ کے حکم پر ریسکیو 1122 کی 2 گاڑیاں خصوصی طور پر چلاس روانہ کی گئیں تاکہ دونوں بچوں کو فوری طور پر ریسکیو کیا جا سکے۔یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا ان بچوں کو راولپنڈی سے لاہور یا چلاس سے ہی ایئرایمبولیس پر لایا گیا ہے۔

بعد ازاں دونوں مریض بچوں کو مکمل نگہداشت کے ساتھ لاہور کے پی کے ایل آئی (پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ) منتقل کردیا گیا۔

وزیر اطلاعات کے مطابق پی کے ایل آئی میں ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم دونوں بچوں کا مکمل علاج اور نگہداشت کریگی۔

عظمیٰ بخاری نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وژن عوام کی بلا تفریق خدمت ہے اور چلاس کے بچوں کی ایئر ایمبولینس کے ذریعے منتقلی اسی وژن کا عملی اظہار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور قلندرز کا ٹیومر میں مبتلا بچے کی خواہش پوری کرنے کا اعلان

انہوں نے کہاکہ مریم نواز انسانیت کی خدمت کو سیاست سے بالا تر رکھتی ہیں اور حکومت اسی جذبے کے تحت عوامی خدمت جاری رکھے ہوئے ہے۔

یاد رہے کہ چلاس گلگت بلتستان کا دور دراز علاقہ ہے اور یہاں طبی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔