آزاد کشمیر انتخابات؛ انتخابی فہرستوں میں ردوبدل کے خدشات، شفافیت بڑا چیلنج قرار

آزاد جموں و کشمیر میں آئندہ عام انتخابات کی آہٹ کے ساتھ ہی انتخابی فہرستوں کی تیاری، ووٹرز کی منتقلی اور مبینہ ‘پری پول مینی پولیشن’ کے خدشات نے سیاسی درجہ حرارت بڑھا دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے نادرا اور محکمہ مال کے تعاون سے فہرستوں کی نظرثانی کا عمل جاری ہے، تاہم محدود وقت میں اس کی شفافیت کو ایک بڑا چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر کے 33 مقامی حلقوں سمیت مہاجرین جموں و کشمیر کے 12 حلقوں میں ووٹر رجسٹریشن اور مستقل پتے کی تبدیلی کے معاملات بحث کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ سیاسی حلقوں کا الزام ہے کہ بعض مخصوص مقامات پر ووٹر ڈیٹا میں کی جانے والی غیر معمولی تبدیلیاں انتخابی نتائج پر براہِ راست اثر انداز ہونے کی کوشش ہو سکتی ہیں، جس سے انتخابی عمل کی ساکھ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن گلگت بلتستان: پی ٹی آئی امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ، ڈیموکریٹک پارٹی پر پابندی

سیاسی کمیٹیوں کی تشکیل اور مانیٹرنگ:

ذرائع کا کہنا ہے کہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے مہاجرین کے حلقوں میں سیاسی کارکنوں پر مشتمل نجی کمیٹیاں بھی متحرک ہو گئی ہیں۔ یہ کمیٹیاں گھر گھر جا کر ووٹرز کے کوائف کی تصدیق کر رہی ہیں۔ مبصرین کے مطابق ان کمیٹیوں کی جانب سے مرتب کردہ رپورٹس اور ووٹر منتقلی پر اٹھائے جانے والے اعتراضات آنے والے دنوں میں انتخابی ماحول کو مزید گرما سکتے ہیں۔

انتخابی عمل اور آئینی تقاضے:

آئینی ماہرین اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مہاجرین کے حلقے ریاست کی سیاست میں فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے یہاں انتخابی فہرستوں کی درستی پر عوامی اعتماد ناگزیر ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر فہرستوں کی تیاری میں جانبداری کا تاثر ابھرا تو پورا انتخابی عمل متنازع ہو سکتا ہے، جو جمہوری استحکام کے لیے نیک شگون نہیں ہوگا۔

الیکشن کمیشن کی خود مختاری کا مطالبہ:

سیاسی مبصرین نے زور دیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو مکمل انتظامی معاونت اور خود مختاری فراہم کی جائے تاکہ کسی بھی قسم کے دباؤ یا اثر و رسوخ کو ختم کیا جا سکے۔ ماہرین کے مطابق مشکوک ووٹر منتقلیوں کا بروقت آڈٹ اور شکایات کا ازالہ ہی وہ واحد راستہ ہے جس سے اداروں کی ساکھ اور شفاف انتخابات کے آئینی تقاضوں کو پورا کیا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: ٓآئندہ الیکشن میں موقع ملا تو ریاست کے ہر فرد کو خوشحال کرینگے، وزیراعظم فیصل ممتازراٹھور

Scroll to Top