تمل ناڈو میں وجے کا راج: وزیراعلیٰ بنتے ہی مفت بجلی اور خواتین کیلئے اسپیشل فورس کا اعلان

بھارتی ریاست تمل ناڈو کی سیاست میں ایک بڑے تاریخی بدلاؤ کے ساتھ مشہور تمل اداکار سی جوزف وجے نے ریاست کے نئے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف اٹھا لیا ہے۔ حلف برداری کے فوراً بعد انہوں نے عوامی فلاح و بہبود کے لیے بڑے انقلابی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے اپنی حکومت کی ترجیحات واضح کر دی ہیں۔

وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالتے ہی جوزف وجے نے گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے 200 یونٹ مفت دینے کے حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں۔ یہ سہولت ان صارفین کے لیے ہوگی جو دو ماہ میں 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں۔ اس اقدام کو ریاست کے غریب اور متوسط طبقے کے لیے ایک بڑا ریلیف قرار دیا جا رہا ہے، جس کا وعدہ انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت،فلم اسٹار سے سیاستدان بننے والے وجے کی پارٹی کی پہلے ہی الیکشن میں بلاک بسٹرکامیابی

خواتین کا تحفظ اور منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن:

نئے وزیراعلیٰ نے تمل ناڈو میں خواتین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ’سنگا پین‘ (Singa Pen) نامی ایک اسپیشل فورس بنانے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ریاست بھر میں منشیات کی اسمگلنگ اور فروخت کے خلاف سخت کارروائی کے لیے اینٹی نارکوٹکس یونٹ کے قیام کے احکامات بھی جاری کیے۔ جوزف وجے نے واضح کیا کہ ان کی حکومت میں امن و امان اور خواتین کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

سیاسی کامیابی اور اتحادیوں کا شکریہ:

چنائی کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں ہزاروں حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے جوزف وجے نے کہا کہ تمل ناڈو میں حقیقی سیکولرزم اور سماجی انصاف کی حکومت کا دور شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کانگریس، وی سی کے (VCK)، آئی یو ایم ایل (IUML) اور بائیں بازو کی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے ان کی پارٹی ’تملگا ویٹری کژگم‘ (TVK) حکومت بنانے میں کامیاب ہوئی۔ انہوں نے خاص طور پر ’جین زی‘ (Gen Z) یعنی نوجوان نسل کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنے خاندانوں کو تبدیلی کے لیے ووٹ دینے پر قائل کیا۔

مزید پڑھیں: آبنائے ہرمز کی صورتحال اور ٹرمپ کا سخت موقف، برینٹ خام تیل 104 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا

Scroll to Top