انتخابی

انتخابی فہرستوں مئں غلطی پر رجسٹریشن افسران کو سخت ایکشن کا انتباہ

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ایک اہم پریس ریلیز میں انتخابی فہرستوں کی تیاری اور ڈیٹا انٹری کے جاری عمل سے متعلق تفصیلات فراہم کی گئی ہیں ۔

پریس ریلیز کے مطابق نادرا نے الیکشن کمیشن کی ٹیم کے ساتھ مل کر بنیادی انتخابی فہرستوں کی تیاری کا کام کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے ۔

یہ مرحلہ انتخابی عمل میں ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس کے ذریعے ووٹرز کی درست اور شفاف فہرستیں مرتب کرنے میں مدد ملے گی ۔

اب اگلے مرحلے میں انتخابی ڈیٹا کی انٹری کا عمل جاری ہے جو کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی براہ راست نگرانی میں مکمل کیا جا رہا ہے ۔

الیکشن کمیشن نے تمام متعلقہ رجسٹریشن افسران کو سختی سے ہدایت جاری کی ہے کہ وہ فراہم کردہ ریکارڈ اور مواد کے مطابق ڈیٹا انٹری کا عمل انتہائی درستگی اور احتیاط کے ساتھ مکمل کریں تاکہ کسی قسم کی غلطی یا کوتاہی کی گنجائش باقی نہ رہے ۔

پریس ریلیز میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر ڈیٹا انٹری کے دوران کسی قسم کی غلطی یا بے ضابطگی سامنے آتی ہے تو اس کی مکمل ذمہ داری متعلقہ رجسٹریشن افسر اور ڈیٹا انٹری اسٹاف پر عائد ہوگی  اور اس صورت میں ان کے خلاف الیکشن کمیشن کی جانب سے سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

مزید برآں الیکشن کمیشن نے جعلی شناختی کارڈز کے حوالے سے بھی سخت مؤقف اختیار کیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی شخص کا جعلی شناختی کارڈ پایا جاتا ہے تو متعلقہ رجسٹریشن افسر فوری طور پر اس کیخلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرے گا ۔

اس بارے میں فوری طور پر الیکشن کمیشن کو بھی آگاہ کیا جائے گا ۔ الیکشن کمیشن نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شفاف، منصفانہ اور غیر جانبدار انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔

Scroll to Top