مسئلہ کشمیر فیصلہ کن موڑ میں داخل،تمام سیاسی قیادت کو متحد و متفق ہونا چاہیے ،بیرسٹر سلطان

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے اس اہم، نازک اور فیصلہ کن موڑ پر تمام سیاسی قیادت کو مسئلہ کشمیر پر متحد و متفق ہونا چاہیے اور مسئلہ کشمیر پر جب بھی مذاکرات ہوں تو یہ مذاکرات سہ فریقی ہونے چاہیے کیونکہ اصل فریق کشمیری ہیں۔

ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں کشمیری صحافیوں کے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان نے کہا کہ مودی کی ہندوتوا پالیسیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کا دو قومی نظرئیے پر پاکستان بنانے کا فیصلہ بالکل درست تھا۔

انہوں نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کے عوام کشمیر کی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔میرے حالیہ امریکہ اوربرطانیہ کے دورے کے بعدبھارت عالمی سطح پر دفاعی پوزیشن پر آ گیا ہے یہ موقع ہے کہ عالمی برادری کو یہ باور کرایا جائے کہ اگر مسئلہ کشمیر حل نہ کرایا گیا تو جنوبی ایشیا میں ایٹمی جنگ کے خطرات منڈلاتے رہیں گے۔

انہون نے کہا کہ آزادکشمیر کے دیرینہ مسائل میں میرپور میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا قیام، راولاکوٹ اور مظفرآباد ائیر پورٹس کی وسعت و بحالی جبکہ میرپور مظفرآباد مانسہرہ موٹروئے کی جلد تعمیر،میرپور میں سی پیک بزنس سنٹر کا قیام اور رٹھوعہ ہریام برج کی جلد تعمیر کے لئے میں ہر سطح پر اپنا کردار ادا کروں گا۔

بیرسٹر سلطان نے واضح کیا کہ بھارت کو عالمی سطح پر اپنا موقف تسلیم کرانے میں پسپائی کا سامنے ہے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشتگردی پرانٹرنیشنل کمیونٹی کشمیریوں کے موقف کی حمایت کرتی ہے۔

بھارت دفاعی پوزیشن اختیار کرتا جارہا ہے عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کی حساسیت کا احساس دلائیں کہ اگر مسئلہ کشمیر کا حل نہ نکالا گیا تو خطے میں ایٹمی جنگ کا خطرہ برقرار رہے گا۔

تحریک آزادی کیلئے اوورسیز کشمیریوں کا کردار قابل ستائش ہے۔ طاقتور ممالک باالخصوص امریکہ اور برطانیہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرائیں اور کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مذاکرات کی میز پر کشمیری عوام کو بھی بٹھایا جائے کیونکہ اس مسئلے کے اصل اور اہم فریق کشمیری عوام ہیں، بھارت کا مکروہ چہرہ ایک عالمی دہشت گرد کے طور پر دنیا کے سامنے نمودار ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم صرف اعلانات کرتے، عملی طور پر کچھ نہیں کرتے،صدر کنزیومررائٹس

Scroll to Top