گلگت بلتستان الیکشن اپیلیٹ ٹربیونل نے گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے سلسلے میں دائر اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے سابق چیف ایگزیکٹو و سابق سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی فدا محمد ناشاد، عوامی ورکرز پارٹی کے رہنما بابا جان اور جی بی اے 13 استور 1سے امیدوار عبد القیوم کو نااہل قرار دے دیا، جبکہ جی بی اے 20 غذر 2 سے امیدوار بختاور شاہ کو اہل قرار دے دیا گیا۔
الیکشن اپیلیٹ ٹربیونل کے جج جسٹس راجہ شکیل احمد نے مختلف انتخابی اپیلوں کی سماعت کے بعد اپنے فیصلے جاری کیے۔ ٹربیونل نے بابا جان کو سزا یافتہ ہونے اور کاغذات نامزدگی میں اہم حقائق پوشیدہ رکھنے کی بنیاد پر نااہل قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان الیکشن، پیپلزپارٹی کا21ٹکٹ ہولڈرز کا اعلان، بڑے نام نظرانداز
فیصلے میں کہا گیا کہ امیدوار نے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے، جس کے باعث وہ انتخاب لڑنے کے اہل نہیں رہے۔
اسی طرح سابق چیف ایگزیکٹو و سابق سپیکر فدا محمد ناشاد کو جائیداد سے متعلق حقائق چھپانے پر آئین کے آرٹیکل 62(1)(f) کے تحت نااہل قرار دیا گیا۔
ٹربیونل کے مطابق امیدوار کی جانب سے اثاثوں کی درست تفصیلات ظاہر نہ کرنا انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔
دوسری جانب جی بی اے 13 استور 1 سے امیدوار عبد القیوم کو بینک ڈیفالٹر ہونے کی بنیاد پر نااہل قرار دیا گیا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ بینک واجبات کی عدم ادائیگی امیدوار کی اہلیت پر اثرانداز ہوئی، جس کے باعث ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے
جبکہ جی بی اے 20 غذر ٹو سے امیدوار بختاور شاہ کے خلاف دائر اعتراضات مسترد کرتے ہوئے الیکشن اپیلیٹ ٹربیونل نے انہیں انتخابات میں حصہ لینے کے لیے اہل قرار دے دیا۔
ٹربیونل نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ بختاور شاہ کے خلاف لگائے گئے الزامات ثابت نہیں ہو سکے، لہٰذا ان کے کاغذات نامزدگی برقرار رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان الیکشن، 6 نامور اسمبلی امیدوار نااہل قرار،3 اہل قرار
ادھر حاجی فدا محمد ناشاد نے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے حلقے میں اپنی جماعت کو اللہ کی مدد اور اپنے ساتھیوں کی حمایت سے جتا کر دکھائیں گے۔
یاد رہے کہ حاجی فدامحمد ناشاد کو پیپلزپارٹی نے ٹکٹ جاری کیا ہے جبکہ بابا جان ہنزہ سے الیکشن لڑرہے تھے جنہیں مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے تھا لیکن اب وہ نااہل قرار پا گئے ہیں۔




