لاہور (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کا اہم اور طویل اجلاس لاہور میں جاری ہے ۔
اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے لیے پارٹی ٹکٹوں، انتخابی حکمت عملی اور ممکنہ اُمیدواروں کے ناموں پر تفصیلی غور کیا جا رہا ہے ۔
وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، اسحاق ڈار، شاہ غلام قادر، راجہ فاروق حیدر خان اور عبدالرحمٰن آرائیں سمیت مرکزی و آزادکشمیر کی اعلیٰ قیادت شریک ہے ۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزادکشمیر کے تمام انتخابی حلقوں کی الگ الگ رپورٹس پیش کی گئیں جن میں اُمیدواروں کی عوامی مقبولیت، سیاسی اثر و رسوخ، تنظیمی سرگرمیوں اور جیتنے کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔
پارٹی قیادت کی جانب سے واضح کیا گیا کہ ٹکٹوں کی تقسیم میں ذاتی پسند و ناپسند کے بجائے میرٹ ، وفاداری ، عوامی رابطے اور کامیابی کے امکانات کو ترجیح دی جائے گی ۔
بعض حلقوں میں ایک سے زائد مضبوط اُمیدوار سامنے آنے کے باعث اختلافات بھی زیر بحث آئے ، جنہیں مشاورت سے حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک ویژن ،نظریے کا نام ہے: جمیلہ خاتون
اجلاس میں آزادکشمیر میں انتخابی مہم کے خدوخال پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ، جس میں بڑے جلسوں، ورکرز کنونشنز، رابطہ عوام مہم اور سوشل میڈیا حکمت عملی پر غور کیا گیا ۔
پارٹی قیادت نے ہدایت کی کہ تمام رہنما فوری طور پر اپنے اپنے حلقوں میں متحرک ہوں اور عوامی رابطہ مہم تیز کریں تاکہ انتخابی ماحول میں پارٹی کی موجودگی مزید مضبوط بنائی جا سکے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت آزادکشمیر میں بھرپور اور جارحانہ انتخابی مہم چلانے کے موڈ میں ہے ۔
اجلاس میں یہ معاملہ بھی زیر غور آیا کہ کن حلقوں میں سیاسی اتحادیوں یا ہم خیال جماعتوں کیساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جا سکتی ہے تاکہ اپوزیشن ووٹ تقسیم ہونے سے بچایا جا سکے ۔
بعض نئے اور نوجوان چہروں کو بھی ٹکٹ دینے پر سنجیدہ غور کیا جا رہا ہے تاکہ پارٹی میں نئی قیادت کو آگے لایا جا سکے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ن لیگ نے 9 مئی کو افواج پاکستان سے یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالنے کا اعلان کردیا
ذرائع کے مطابق اہم نشستوں پر حتمی فیصلے جلد متوقع ہیں جبکہ آئندہ چند روز میں مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے اُمیدواروں کی پہلی فہرست جاری کیے جانے کا امکان ہے ۔




