بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت نئی قسط کی مالی امداد کی ادائیگیاں مرحلہ وار شروع کر دی گئی ہیں، جس کے تحت مستحق خواتین کو ان کی رقوم کی فراہمی جاری ہے۔
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 18 مئی 2026 سے ادائیگیوں کے نئے مرحلے کا آغاز کیا جائیگا۔ اس مرحلے میں باقاعدہ ادائیگیوں کے ساتھ بچوں کے وظائف بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نے بی آئی ایس پی کی رقم بڑھا کر 14 ہزار 500 روپے مقرر کر دی
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جن مستحقین کے والیٹ اکاؤنٹس 15 مئی 2026 یا اس سے پہلے بلاک ہو چکے تھے، وہ اپنی رقم متعلقہ والیٹ اکاؤنٹ سے وصول کر سکیں گے۔
بی آئی ایس پی کے مطابق وہ مستحق خواتین جنہوں نے تاحال اپنے والیٹ اکاؤنٹس تبدیل نہیں کروائے، وہ بھی اپنے ضلع کے کسی بھی مجاز ادائیگی کیمپ یا ایجنٹ کے ذریعے رقم وصول کر سکتی ہیں۔
حکام نے تمام مستحقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ ادائیگی وصول کرتے وقت اصل شناختی دستاویزات اپنے ہمراہ رکھیں اور کسی بھی غیر متعلقہ فرد یا ایجنٹ کو اضافی رقم ادا نہ کریں۔
بی آئی ایس پی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام مستحقین کو بروقت اور شفاف انداز میں ادائیگیاں فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔
دوسری جانب بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کے لیے اپنی اہلیت اور ادائیگی کی معلومات حاصل کرنا مزید آسان بنا دیا گیا ہے۔
پروگرام کے مستحق افراد سرکاری 8171 ویب پورٹل یا ایس ایم ایس کے ذریعے اپنے شناختی کارڈ نمبر سے اپنی اہلیت اور ادائیگی کی تفصیلات معلوم کر سکتے ہیں۔
بی آئی ایس پی کے مطابق بے نظیر کفالت پروگرام کے تحت سہ ماہی قسط 13 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 14 ہزار 500 روپے کر دی گئی ہے۔
مستحق خواتین اور خاندان اپنی رقم کی معلومات حاصل کرنے کے لیے 8171 پورٹل پر جا کر 13 ہندسوں پر مشتمل شناختی کارڈ نمبر درج کریں، کیپچا کوڈ لکھیں اور اہلیت معلوم کریں یا متعلقہ بٹن پر کلک کریں۔ اس کے بعد اہلیت، ادائیگی اور دیگر ضروری تفصیلات اسکرین پر ظاہر ہو جاتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرپرسن بی آئی ایس پی روبینہ خالد کا مستحق خواتین کے نام اہم پیغام جاری
انٹرنیٹ کی سہولت نہ رکھنے والے افراد بھی 8171 ایس ایم ایس سروس کے ذریعے اپنی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے موبائل کے میسج باکس میں بغیر ڈیش کے شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 8171 پر بھیجیں، جس کے بعد اہلیت یا ادائیگی سے متعلق جواب موصول ہو جاتا ہے۔
بی آئی ایس پی حکام کے مطابق 8171 ہی پروگرام کا سرکاری نمبر ہے، اس کے علاوہ کسی دوسرے نمبر سے آنے والے پیغامات پر اعتماد نہ کیا جائے۔



