’معرکہ حق‘ پاکستان فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کی روشن مثال ہے، ایئر چیف مارشل

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد سدھو نے معرکہ حق میں حاصل ہونے والی تاریخی فتح کو پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کا شاہکار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ ہر سطح پر ہمہ وقت تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں ملک کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

معرکہ حق میں عظیم الشان کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد سدھو نے اس تاریخی دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور معرکہ حق میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے فضائی بیڑے اور نوجوانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہماری تاریخ میں عزم اور شجاعت کی علامت کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: معرکہ حق میں ثابت ہوگیا پاکستان اپنی خودمختاری ،علاقی سالمیت کے تحفظ کیلئے ہر حد تک جاسکتا ہے، وزیراعظم آزادکشمیر

ایئر چیف نے اپنے خطاب میں ماضی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے تھے۔ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر بھارت کو ان واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی تاکہ خطے میں امن برقرار رہے، تاہم دشمن کے جارحانہ عزائم نے اسے مہم جوئی پر اکسایا جس کا جواب دینا ناگزیر ہو گیا تھا۔

پاک فضائیہ کی کارروائیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایئر چیف مارشل نے انکشاف کیا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے تمام عسکری اہداف کو اپنے نشانے پر رکھا ہوا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ پاک فضائیہ نے دشمن کی جارحیت کا ایسا منہ توڑ جواب دیا کہ بھارت کا غرور خاک میں مل گیا۔ کارروائی کے دوران جدید ترین ایس 400 ایئر ڈیفنس سسٹم کو لمحوں میں تباہ کر دیا گیا، جس سے دشمن کی دفاعی صلاحیت مفلوج ہو کر رہ گئی۔ معرکہ حق میں پاکستان نے اپنی بہترین ڈرون صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے ساتھ ساتھ فضائی، الیکٹرانک اور سائبر وار فیئر میں بھی دشمن کو دھول چٹائی۔

ایئر چیف نے کہا کہ قومی دفاع میں پاک فضائیہ کا کردار ہمیشہ سے تاریخی رہا ہے، لیکن معرکہ حق نے اسے نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔ سری نگر سے لے کر بھٹنڈا تک پاک فضائیہ نے دشمن کو ایسا سبق سکھایا جو وہ کبھی فراموش نہیں کر سکے گا۔ پاکستان کے ‘سائبر شاہینوں’ نے دشمن کی سائبر سکیورٹی کے نظام کو مکمل طور پر تباہ کر دیا، جبکہ بھارتی فضائیہ کو عالمی سطح پر عبرتناک تذلیل کا سامنا کرنا پڑا۔ پاک فضائیہ نے دنیا کے سرفہرست مانے جانے والے لڑاکا طیاروں کو فضا میں ہی خاک میں ملا کر اپنی برتری ثابت کی۔

مزید پڑھیں: معرکہ حق میں دشمن نے فیصلہ کن صلاحیت کا مشاہدہ کیا، ہر مہم جوئی کا جواب پہلے سے زیادہ سخت ہوگا،پاک افواج

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد سدھو نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے نہ صرف اپنی دفاعی حکمت عملی کو مزید مؤثر بنایا ہے بلکہ مختلف تزویراتی علاقوں میں اپنی دفاعی اور آپریشنل تیاریوں کو بھی ریکارڈ وقت میں مکمل کر لیا ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب کے آخر میں زور دیا کہ ’معرکہ حق‘ پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور غیر متزلزل عزم کی ایک روشن مثال ہے، جسے پاکستان کی عسکری تاریخ میں ہمیشہ سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا اور یہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگا۔

Scroll to Top