پیٹرول مہنگا، ڈسکاؤنٹ ریٹ پر کہاں سے حاصل کریں؟جانیے

عالمی حالات اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کے بعد عوام کے لیے ریلیف کی بڑی خبر سامنے آگئی ہے، جہاں مختلف آئل کمپنیوں نے قیمتوں میں نمایاں کمی اور ڈسکاؤنٹ آفرز کا آغاز کر دیا ہے۔

امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدہ صورتحال کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں ملک میں عام پیٹرول 400 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر گیا تھا۔ اس وقت عام پیٹرول کی قیمت تقریباً 401 روپے فی لیٹر پر برقرار ہے، جو کہ تمام پمپس پر یکساں ہے، تاہم صارفین کو ریلیف دینے کے لیے اب نجی کمپنیوں نے ڈسکاؤنٹ دینا شروع کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کا پاکستان سے پیٹرولیم سبسڈی مکمل ختم کرنے اور بجلی مہنگی کرنے کا مطالبہ

اٹک پیٹرولیم کی خصوصی ڈسکاؤنٹ آفر:

اٹک پیٹرولیم نے صارفین کے لیے ایک بڑی رعایت کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت کمپنی کے براہِ راست زیرِ انتظام چلنے والے (کمپنی آپریٹڈ) پمپس پر فی لیٹر 5 روپے کا خصوصی ڈسکاؤنٹ دیا جا رہا ہے۔ یہ رعایت ملک بھر میں موجود کمپنی کے تقریباً 45 مخصوص آؤٹ لیٹس پر دستیاب ہے، جو بڑے شہروں اور موٹرویز پر واقع ہیں۔ واضح رہے کہ یہ سہولت ڈیلر کے زیرِ انتظام چلنے والے پمپس پر لاگو نہیں ہوگی۔

ہائی اوکٹین کی قیمتوں میں بڑا اتار چڑھاؤ:

دوسری جانب ہائی اوکٹین پیٹرول، جو کہ ڈی ریگولیٹڈ ہے، کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے ہائی اوکٹین پر 300 روپے لیوی عائد کرنے کے بعد اس کی قیمت 600 روپے تک پہنچ گئی تھی، تاہم فروخت میں کمی کے باعث کمپنیوں نے قیمتیں کم کرنا شروع کر دیں۔ سب سے پہلے آرامکو نے 200 روپے فی لیٹر کی بڑی کمی کی، جس کے بعد دیگر کمپنیوں نے بھی نقشِ قدم پر چلتے ہوئے نرخ کم کیے۔

مختلف کمپنیوں کے ریٹس کا موازنہ:

اس وقت مارکیٹ میں ہائی اوکٹین کی قیمتیں مختلف ہیں، جن میں سب سے کم قیمت شیل کمپنی کے (V-Power) کی ہے جو 410 روپے فی لیٹر پر دستیاب ہے۔ پی ایس او کا ہائی اوکٹین 420 روپے، اٹک پیٹرولیم کا 465 روپے، جبکہ آرامکو کا ‘پرو فورس’ 467 روپے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق کمپنیوں کے درمیان اس مسابقت کا براہِ راست فائدہ عام صارفین کو پہنچ رہا ہے۔

مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات پر کتنے ٹیکسز عائد ہیں؟ تفصیلات سامنے آگئیں

 

Scroll to Top