سپریم کورٹ آزاد کشمیر کا بڑا فیصلہ: سردار میر اکبر خان کی رکنیت برقرار

مظفرآباد: سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر نے ممبر اسمبلی سردار میر اکبر خان کے انتخابات کو کالعدم قرار دینے سے متعلق الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے۔

چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جناب جسٹس راجہ سعید اکرم خان، سینیئر جج جسٹس رضا علی خان اور جسٹس چوہدری خالد یوسف پر مشتمل فل کورٹ نے سردار میر اکبر خان بنام سردار قمر زمان کیس میں اہم فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے سردار میر اکبر خان کی اپیل منظور کرتے ہوئے سردار قمر زمان خان کی اپیل کو خارج کر دیا ہے، جس کے بعد سردار میر اکبر خان بدستور قانون ساز اسمبلی کے رکن رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عید کی خوشیاں دوبالا: پاکستان میں عیدالاضحیٰ پر طویل تعطیلات کا امکان!

کیس کا پس منظر اور قانونی کارروائی:

الیکشن ٹربیونل آزاد کشمیر نے اس سے قبل سردار میر اکبر خان کی کامیابی کو کالعدم قرار دیا تھا، جسے انہوں نے عدالتِ عظمیٰ میں چیلنج کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے ابتدائی سماعت میں ٹربیونل کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے حکمِ امتناعی جاری کر رکھا تھا۔ دو روز تک جاری رہنے والی سماعت کے دوران فریقین کے وکلاء نے مرحلہ وار اپنے دلائل پیش کیے، جس کے بعد عدالت نے میر اکبر خان کی رکنیت برقرار رکھنے کا حکم دیا۔

نامور قانون دانوں کے دلائل

سردار میر اکبر خان کی جانب سے عبدالرشید عباسی اور راجہ گل مجید خان نے وکالت کی، جبکہ سردار قمر زمان خان کی نمائندگی راجہ سجاد خان، راجہ شفاعت خان اور بیرسٹر ہمایوں نواز نے کی۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر ٹربیونل کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے سردار میر اکبر خان کے حق میں فیصلہ جاری کیا۔

مزید پڑھیں: سردار قمر الزمان ،سردار میر اکبر دھاندلی کیس،سپریم کورٹ کا روزانہ سماعت کا فیصلہ

Scroll to Top