وادی لیپا،برف ہٹانے کا کام دوسرے روز بھی جاری، اہم سیکٹرز میں پیشرفت،سڑک بحالی کل متوقع

وادی لیپہ(کشمیر ڈیجیٹل)وادی لیپہ کو ملک کے دیگر علاقوں سے ملانے والی مرکزی شاہراہ کو شدید برفباری کے بعد بحال کرنے کے لیے محکمہ شاہرات کا آپریشن آج دوسرے روز بھی جاری رہا۔

ذرائع کے مطابق محکمہ شاہرات کا ویل لوڈر جو گزشتہ روز لمنیاں سے آگے روانہ ہوا تھا، وہ آج رات تک راجمار نالہ ریشیاں سے 4 کلومیٹر آگے پہنچ چکا ہے۔ اس مشین نے اب تک تقریباً 14 کلومیٹر سڑک سے برف ہٹا کر راستہ کلیئر کر دیا ہے۔

دوسری جانب چین ڈوزر، جو مڈوے سے برف صاف کرتے ہوئے ریشیاں کی طرف بڑھ رہا تھا، وہ آج شام 5 بجے پیروں والے لنک نزد شیڑگلی تک پہنچ گیا۔ اس مشین نے گزشتہ دو دنوں میں تقریباً 4 کلومیٹر سڑک کلیئر کی ہے۔ متعلقہ حکام کے مطابق اس حصے میں 5 فٹ تک برف موجود ہے جبکہ جگہ جگہ درجنوں گلیشیئرز گر چکے ہیں، جنہیں کلیئر کرنے میں کئی کئی گھنٹے لگ رہے ہیں۔


تیسری مشین، جو آرمی انجینئرز کے تعاون سے منڈا کلی سے کام کا آغاز کر چکی ہے، اس وقت بٹالین سے آگے دوسری سلائیڈ پر برف ہٹانے میں مصروف ہے۔

اس موقع پر ایس ڈی او شاہرات راجہ مسرور خان نے کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ “شدید برفباری اور گلیشیئرز کے باعث برف ہٹانے میں مشکلات کا سامنا ضرور ہے، لیکن ہماری ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں۔ موسم سازگار رہا تو انشاءاللہ کل تک روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال کر دیا جائے گا۔”

محکمہ شاہرات کے مطابق آج رات 9 بجے تک برف ہٹانے کا کام جاری رہے گا۔ عوام نے محکمہ شاہرات اور آرمی انجینئرز کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جلد از جلد علاقے کا زمینی رابطہ بحال ہو جائے گا تاکہ روزمرہ زندگی معمول پر آ سکے

جامعہ کشمیر کے طلباء کا فیسوں میں اضافے کیخلاف احتجاج ، وائس چانسلر کا مطالبات ماننے سے انکار

Scroll to Top