ناظم اعلیٰ محکمہ جنگلات کو دھمکیاں دینے کا معاملہ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس متحرک

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں محکمہ جنگلات کے ناظم اعلیٰ کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے واقعے پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس حرکت میں آگئی ہے۔ اس حوالے سے وقار شیخ نامی شخص کے خلاف ایس ایس پی مظفرآباد کو باقاعدہ درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔

درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ مذکورہ شخص نے ناظم اعلیٰ کو ہراساں کیا اور انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، جس سے سرکاری کام میں مداخلت اور خوف و ہراس کی فضا پیدا ہوئی۔ پولیس نے موصول ہونے والی درخواست پر ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ ناظم اعلیٰ اور متعلقہ دفتر کی سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ جنگلات کے ملازمین افسرشاہی کیخلاف میدان میں آگئے، بڑا اعلان

حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ریاستی اداروں کے افسران کو دھمکانے اور ہراساں کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پولیس ذرائع کے مطابق دستیاب شواہد کی روشنی میں جلد ہی ملزم کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید پڑھیں: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی، برینٹ کروڈ 107 ڈالر پر آگیا

Scroll to Top