صدر اور وزیراعظم کا صحافی برادری کو خراج تحسین؛ غیر مستند خبروں کے تدارک پر زور

اسلام آباد: آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ معاشرے میں احتساب اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے آزاد صحافت کا ہونا ناگزیر ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پروپیگنڈہ، فیک نیوز اور غیر مستند خبروں کی ترسیل کو روکنا ہر صحافی کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں امن و امان کا قیام محض سفارت کاری سے ممکن نہیں بلکہ مستند معلومات اور ذمہ دارانہ صحافت اس ضمن میں فیصلہ کن کردار ادا کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیصل راٹھور کا دورہ میرپور، پریس کلب کیلئے 10لاکھ گرانٹ کا اعلان

قومی یکجہتی اور میڈیا کا کردار:

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے اختلاف رائے کے حل کے لیے مذاکرات اور مکالمے کو ترجیح دیتا رہا ہے۔ انہوں نے معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران قومی میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافتی برادری نے قومی یکجہتی اور پاکستان کے مؤقف کو انتہائی تحمل اور وضاحت کے ساتھ پیش کیا۔ شہباز شریف کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارمز رائے عامہ کی تشکیل میں اہم ہیں، تاہم جعلی خبروں کا پھیلاؤ قومی ہم آہنگی اور عالمی ساکھ کے لیے ایک حقیقی خطرہ ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ دیانت اور پیشہ ورانہ معیار کی اعلیٰ اقدار کو برقرار رکھیں۔

جمہوری مکالمہ اور ڈس انفارمیشن:

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ سچائی کے بغیر امن کا قیام ممکن نہیں اور اس عمل میں صحافت کا کردار کلیدی ہے۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کیا کہ ڈس انفارمیشن جمہوری مکالمے کو مسخ کر رہی ہے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا غیر ذمہ دارانہ استعمال معاشرے کے لیے نقصان دہ ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 19 آزادی صحافت کی ضمانت دیتا ہے اور آزاد میڈیا قوم کی مضبوطی کی علامت ہے۔

مزید پڑھیں: صحافت کی آڑ میں ملک دشمن بیانیہ پھیلانے والوں کے خلاف قانون کا شکنجہ سخت، جعلی صحافی فخرالرحمان گرفتار

صحافیوں کا تحفظ اور سچ کی اہمیت:

صدر مملکت نے صحافیوں کو درپیش ہراسانی اور دباؤ کا ذکر کرتے ہوئے ان کے لیے محفوظ ماحول یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے شہید صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو اپنی خبروں میں رفتار کے بجائے درستی کو ترجیح دینی چاہیے۔ صدر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف منظم جھوٹی مہمات جاری ہیں جن کا جواب میڈیا نے ہمیشہ حقائق سے دیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جھوٹ کو مسترد کرتے ہوئے سچ کا ساتھ دیں کیونکہ مضبوط معلوماتی نظام ہی ملک کے استحکام کے لیے ضروری ہے۔

Scroll to Top