رمضان میں گرانفروشی اورملاوٹ کرنیوالوں کی حوصلہ شکنی کی جائے، وزیر اطلاعات آزادکشمیر

اسلام آباد( کشمیر ڈیجیٹل)وزیر اطلاعات آزادکشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ انتظامیہ رمضان المبارک میں گرانفروشی اور ملاوٹ کرنیوالوں کی حوصلہ شکنی کرے۔

پیر مظہر سعید نے ایک بیان میں کہا کہ اللہ رب العالمین نے رمضان المبارک کو برکتوں، مغفرت اور جہنم سے نجات کا ذریعہ بنایا۔ احترام رمضان سب پر لازم ہے۔

رمضان المبارک کا تقاضا ہے کہ ہر ایک کو دوسروں کی مشکلات کو کم کرنے اور آسانیاں پیدا کرنے کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے۔ شہری گراں فروشی اور ملاوٹ کے خلاف متعلقہ مجسٹریٹ کو لازمی شکایت کریں۔

انہوں نے کہا کہ رمضان کا مہینہ عبادت، صبر، ہمدردی اور اللہ کی رضا کے حصول کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ رمضان کےمہینے میں زیادہ سے زیادہ عبادت، دعا، تلاوتِ قرآن اور صدقہ و خیرات کریں تاکہ ہم اللہ کی رضا اور مغفرت حاصل کر سکیں۔

پیر مظہر سعید نے کہا کہ ماہ صیام جہاں انفرادی اصلاح، تزکیہ نفس اور عبادت کا تقاضا کرتا ہے وہیں خلق خدا سے محبت، ہمدردی اور خیر خواہی کا بھی متقاضی ہے اور سب سے بڑی خیر خواہی تو یہی ہے کہ انسانیت اپنے خالق کائنات کے بتائے ہوئے طریقہ زندگی کو نہ صرف خود اختیار کرے بلکہ دوسروں کو بھی بندگی کے راستہ پر لگایا جائے تاکہ وہ اپنے نفس کی بندگی کے بجائے اللہ رب العزت کے احکامات کے مطابق اپنی پوری زندگی گزار سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر میں قبل از وقت انتخابات کی گونج ،عوامی ایکشن کمیٹی سے سیاسی جماعتوں کی قیادت خوفزدہ

Scroll to Top