پی پی آزادکشمیر کی تنظیم سازی، مبارک حیدر کا سیکرٹری جنرل پریکطرفہ ٹریفک چلانے کاالزام

مظفر آباد( کشمیر ڈیجیٹل) پیپلزپارٹی کے مرکزی نائب صدر،سابق امیدوار اسمبلی سردار مبارک حیدر نے پارٹی کی ضلعی سطح پر تنظیم سازی کیلئے قائم کمیٹیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکرٹری جنرل یکطرفہ ٹریفک چلا رہے ہیں، صدر جماعت کو شکایات کا ازالہ کرنے کا کہا ہے ورنہ احتجاج کا آپشن بھی موجود ہے۔

کشمیر ڈیجیٹل کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں سردار مبارک حیدر نے کہا کہ میرے حلقے میں سردار مختار عباسی کو کمیٹی میں شامل کیا گیا لیکن ٹکٹ ہولڈرز کو شامل کرنے کی ضرورت نہیں تھی،اس سے حلقے میں پارٹی کو بہت نقصان ہوگا، پہلے بھی ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ سیکرٹری جنرل کو ہدایت دے، میں نے صدر جماعت کو آگاہ کیا ہے کہ زیادتیاں بند کی جائیں، میں نے الیکشن میں مختار عباسی کو ویلکم کیااور بھرپور ساتھ بھی دیا۔

حلقہ سٹی سے ٹکٹ اب میرا حق، مختار عباسی کو ساتھ دینا ہوگا، مبارک حیدر

سردار مبارک حیدرنے کہا کہ 32 سال سے پارٹی کیساتھ ہوں ، خواجہ فاروق ، حنیف اعوان  کے حق میں دستبردار ہوا،اب میرا حق ہے، یہ پارٹی ہی چھوڑ گئے، مختار عباسی کو بھی بھرپور ساتھ دیا، تنظیم سازی پر ہماری بات نہ سنی گئی تو شدید احتجاج ہوگا، ہم نے کارکنوں کو پارٹی ڈسپلن کی خاطر روکا ہے، اللہ سب کو ہدایت دے۔

انہوں نے کہا کہ اتحاد حکومت میں رہتے ہوئے پیپلزپارٹی کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے،ہم نے قیادت کو تجویز دی ہے حکومت سے علیحدگی اختیار کی جائے، پیپلز پارٹی کیلئے تب تک کوئی فائدہ نہیں، جب تک اس کا اپنا وزیراعظم نہ ہو۔

ایکشن کمیٹی والوں کیلئے الیکشن کا میدان اتنا آسان نہیں ہوگا، سینئر رہنما پی پی

انہوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کا سستی بجلی اور سستے آٹے کا مطالبہ بالکل جائز تھا اور پیپلز پارٹی نے اس کی بھرپور حمایت کی، صدر آصف علی زرداری نے خصوصی توجہ دی، آزادکشمیر کی سیاسی قیادت نے جب معاملہ صدر زرداری کے سامنے لایا تو انہوں نے کہا کہ سندھ کا بجٹ کاٹ کر بھی آزادکشمیر کے عوام کو دینا پڑا تو دیں گے۔

سردار مبارک حیدر کا کہنا تھا کہ عوامی ایکشن کمیٹی والے بھی الیکشن لڑیں، ہر کسی کا اپنا نظریہ ہے، حلقے کا الیکشن لڑنا آسان نہیں ، ایکشن کمیٹی میں تمام پارٹیوں کے لوگ بھی شامل ہیں،قسمت آزمائی کرنا ان کا حق ہے لیکن الیکشن میں صورتحال مختلف ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے زلزلہ سے سبق نہیں سیکھا،پاک فوج ہماری بہادر فوج ہے اور پاک فوج کی کشمیر کیلئے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

یاد رہے کہ سردار مبارک حیدر کا تعلق حلقہ سٹی مظفرآباد سے ہے اور وہ پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے الیکشن میں بھی حصہ لے چکے ہیں ، سابق الیکشن میں حلقہ کھاوڑہ سے تعلق رکھنے والے سردار مختار عباسی نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرکے پی پی کا حلقہ سٹی سے ٹکٹ حاصل کرلیا تھا اور اب بھی ٹکٹ کیلئے دونوں تگ ودو کررہے ہیں۔

 

Scroll to Top